سری لنکا بورڈ پریسیڈنٹس الیون کیخلاف ہندوستانیوں کا اسکور 314/6
کولمبو ، 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مڈل آرڈر بیٹسمن اجنکیا رہانے کی عمدہ ناٹ آؤٹ سنچری درج ہوئی لیکن کپتان ویراٹ کوہلی کا ناقص فام جاری ہے جبکہ ہندوستانیوں نے سری لنکا بورڈ پریسیڈنٹس الیون کے خلاف اپنے واحد سہ روزہ کرکٹ ٹور میچ میں آج یہاں افتتاحی روز 314/6 بنائے۔ پہلے بیٹنگ کی دعوت پر ہندوستانی اوپنرز لوکیش راہول (43) اور شکھر دھون (62) نے دورہ کنندگان کو 108 رنز کی ٹھوس شروعات فراہم کی مگر ان کے آؤٹ ہوجانے کے بعد بیٹنگ آرڈر متزلزل ہوا۔ روہت شرما (7) اور کوہلی (8) یکے بعد دیگر پویلین واپس ہوئے جبکہ میڈیم پیسر کاسون راجیتھا (3/47) نے پریسیڈنٹ الیون کی صفوں میں اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔ لنچ کے بعد والے سیشن میں ہندوستانیوں نے 25 رنز کے عوض چار وکٹیں کھو دیئے۔ 133/4 کے اسکور پر رہانے (109 ناٹ آؤٹ) اور چتیشور پجارا (42) نے پانچویں وکٹ کیلئے 134 رنز جوڑتے ہوئے ہندوستانی اننگز کو پھر سے سنبھالا۔ پجارا اور رہانے نے مل کر میزبانوں کو چائے کے وقفے تک مزید کسی کامیابی سے روکے رکھا اور تب ٹیم اسکور 175/4 ہوگیا تھا۔ پجارا آخری سیشن میں آؤٹ ہوئے جس کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمن وردھیمان ساہا (3) بھی جلد پویلین واپس ہوگئے۔ رہانے کے ساتھ روی چندرن اشوین (10*) دیگر ناٹ آؤٹ بیٹسمن ہیں۔