رہانے کی سنچری کی بدولت ہندوستان کامیابی کی دہلیز پر

ویلگنٹن 15 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اجنکیا رہانے کی ٹسٹ کرئیر میں پہلی سنچری کی بدولت ہندوستانی کرکٹ ٹیم یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے دوسرے ہی دن میزبان ٹیم پر اپنی گرفت انتہائی مضبوط کرتے ہوئے ایک تاریخ ساز کامیابی کے حصول کے موقف میں آچکی ہے۔ جیسا کہ اس نے اپنی پہلی اننگز میں 438 رنز اسکور کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف 246 رنز کی ایک طاقتور سبقت حاصل کرنے کے علاوہ دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کو 24/1 تک محدود بھی کرلیا ہے اور نیوزی لینڈ کو اننگز شکست سے محفوظ رہنے کے لئے ہنوز 222 رنز اسکور کرنے ہیں۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر میزبان بیٹسمین کین ویلمسن نے 17 گیندوں میں 4 اور ہیمیش روتھر فورڈ نے 32 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 18 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پیٹر فلٹن ہیں جنھوں نے 6 گیندوں میں ایک رن بنایا اور وہ تجربہ کار بولر ظہیر خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ ظہیر خان نے اپنے 3 اوورس کی بولنگ میں 7 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ ایشانت شرما نے 3 اوورس میں 9 اور محمد سمیع نے 3 اوورس میں 8 رنز دیئے۔ قبل ازیں ہندوستان نے اپنے کل کے اسکور 100/2 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ تاہم قومی اوپنر شکھر دھون آج بدقسمت ثابت ہوئے جیسا کہ وہ یکے بعد دیگرے دوسری سنچری کی تکمیل سے صرف دو رنز سے پیچھے رہے۔

تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں سنچری کے قریب پہنچ کر سنگ میل کو عبور کرنے میں ناکام رہنے والے رہانے مڈل آرڈر میں 158 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 118 رنز اسکور کئے۔ اس سے قبل رہانے کا اعظم ترین انفرادی اسکور 96 رنز تھا جو اُنھوں نے جنوبی افریقہ کے دورہ پر میزبان ٹیم کے خلاف ڈرن ٹسٹ میں بنایا تھا۔ رہانے نے ساتویں وکٹ کے لئے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ہمراہ 120 رنز کی پارٹنرشپ بنائی جہاں دھونی نے 86 گیندوں میں 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68 رنز اسکور کئے۔ شکھر دھون نے 127 گیندوں میں 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 98 رنز اسکور کئے جنھیں ٹم ساؤتھی نے وکٹوں کے پیچھے واٹلنگ کے ہاتھوں آؤٹ کروایا۔ نیوزی لینڈ کو آج صبح پہلی وکٹ حاصل کرنے کے لئے زیادہ جدوجہد کرنا نہیں پڑا جیسا کہ نائیٹ واچ مین ایشانت شرما 50 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے26 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی بولنگ پر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہوئے۔ مڈل آرڈر میں ویراٹ کوہلی 93 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 38 روہت شرما 3 گیندوں میں صفر پر آؤٹ ہونے کا بھی ہندوستان کو نقصان اُٹھانا پڑا جبکہ لوور آرڈر میں رویندر جڈیجہ 16 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 26 اور ظہیر خان نے 19 گیندوں میں 22 رنز بناتے ہوئے ٹیم کی سبقت کو 200 سے زائد کرنے میں اپنا تعاون دیا۔ نیوزی لینڈ کے لئے ساؤتھی 93 رنز، بولٹ 99 رنز اور نیل ویاگنر نے 106 رنز کے عوض فی کس 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔