کنگسٹن ، 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اجنکیا رہانے کی سنچری اسکور ہوئی جس کی مدد سے ہندوستان نے پہلی اننگز کی سبقت کو 304 تک پہنچا دیا اور پریشانیوں سے دوچار ویسٹ انڈیز پر دباؤ بڑھایا لیکن دوسرے ٹسٹ کے تیسرے روز کا آخری سیشن بارش کی نذر ہوگیا۔ رہانے (108 ناٹ آؤٹ) نے اپنی ساتویں ٹسٹ سنچری بناتے ہوئے انڈیا کی میچ پر گرفت کو مضبوط کیا جبکہ دورہ کنندگان نے اپنی اننگز 500/9 پر ڈیکلیر کردی جو ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 196 کا جواب ہوا۔ لنچ کے بعد والے سیشن میں رہانے کی پُرعزم سنچری کے کچھ ہی دیر بعد ڈیکلیریشن کردیا گیا لیکن وقفے وقفے سے بارش نے بقیہ دن ایک بھی گیند پھینکنے کا موقع نہیں دیا۔ بارش کی وجہ سے دوسری بار خلل کے بعد چائے کا وقفہ جلد لیا گیا۔ لنچ کے بعد امیت مشرا (21) میدان پر رہانے کے ساتھ شامل ہوئے اور لیگ اسپنر نے تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی، جیسا کہ انھوں نے دیویندر بشو (1/107) کو چھکا مارا۔ چائے کے وقفے سے قبل ویسٹ انڈیز کو دو وکٹیں تیزی سے مل گئیں جب روسٹن چیز (5/121) نے مشرا کو آؤٹ کیا اور محمد سمیع (0) کو پہلی گیند پر پویلین لوٹا دیا۔ اومیش یادو نے چیز کو ہیٹ ٹرک سے محروم رکھا اور اس درمیان رہانے اپنی سنچری کیلئے تیز کھیلنے لگے۔ اس سیشن میں توسیع دی گئی اور کریگ براتھویٹ بولنگ پر آئے۔ انڈین وائس کیپٹن رہانے کی سنچری 231 گیندوں میں مکمل ہوئی۔ اس کے بعد انڈیا نے اننگز ڈیکلیر کی تاکہ ویسٹ انڈیز کو 40 منٹ کے کھیل پر مجبور کرتے ہوئے کچھ وکٹیں حاصل کرلی جائیں لیکن بارش نے ویراٹ کوہلی زیرقیادت ٹیم کو اس کا موقع نہیں دیا۔