پرتھ۔23 فروری (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ساتھی بیٹسمین اجنکیا رہانے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں رہانے ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے حالیہ عرصہ میں اپنے کھیل کے معیار کو کافی بلند کیا ہے، جبکہ رہانے لچک دار صلاحیتوں کے بیٹسمین ہیں جو حالات اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی مقام پر بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ گزشتہ روز جنوبی آفریقہ کے خلاف رہانے نے مڈل آرڈر میں 60 گیندوں میں 79 رنز کی اننگز ایک ایسے وقت کھیلی جب ٹیم کو 300 رنز سے زائد کا اسکور بنانے کے لئے رنز کی رفتار میں اضافہ ضروری تھا۔ دھونی کے بموجب رہانے نے ٹوئنٹی 20 اور ٹسٹ کے ساتھ ونڈے میں بھی حالات کے اعتبار سے اپنی بیٹنگ کو کافی سنوارہا ہے۔