پرتھ۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)کپتان ویراٹ کوہلی (ناٹ آوٹ 82) اور نائب کپتان اجنکیا رہانے (ناٹ آوٹ 51) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن آج آسٹریلیا کو شاندارجواب دیتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹ پر172 رنز بنا لئے ۔ہندوستان نے صبح آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 326 رن پر آؤٹکیا اور اب وہ پہلی اننگز میں آسٹریلیا سے154 رن پیچھے ہے ۔کوہلی اور رہانے نے چوتھی وکٹ کے لئے184 گیندوں میں90 رنز کی ناٹ آوٹ ساجھے داری کی۔ کوہلی نے181 گیندوں پر ناٹ آوٹ82 رنز میں نو چوکے لگائے ہیں جبکہ رہانے نے 103 گیندوں پر ناٹ آوٹ51 رنز میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا ہے ۔کوہلی اور رہانے نے اپنی شراکت کے دوران آسٹریلیائی بولروں کو غلبہ حاصل کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ دونوں نے میدان پر شاندار اسٹروکس کھیلے ۔ کوہلی اور رہانے کے اسٹریٹ ڈرائیو تو خاص طور پر دیکھنے کے قابل تھے ۔ کوہلی نے تو آسٹریلیا کے خلاف جیسے بڑی اننگز کھیلنے کی عادت ڈال لی ہے ۔ہندستانی کپتان کا آسٹریلیا کے خلاف یہ 10 واں 50 سے زیادہ اسکور تھا اورگزشتہ نو میں سے چھ موقعوں پر کوہلی نے سنچری میں تبدیل کیا ہے ۔ کوہلی ابھی سنچریوں کی سلور جوبلی منانے سے صرف18 رن دور رہ گئے ہیں ۔کوہلی کا ان کے نائب رہانے نے اچھا ساتھ دیا اور دونوں نے دن کے اختتام پر ہندستان کو خوشگوار حالت میں پہنچا دیا ہے ۔صبح آسٹریلیا کو آؤٹ کرنے کے بعد ہندستان نے کافی مایوس کن شروعات کی اور صرف آٹھ رن تک دونوں اوپنروں کوگنوا دیا۔ مرلی وجے اور لوکیش راہول دونوں ناکام رہے ۔ وجے کو میچل اسٹارک نے تیسرے اوور کی آخری گیند پر بولڈکیا۔ وجے12 گیندیں کھیل کر اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے ۔ راہول کو چھٹے اوور کی آخری گیند پر جوش ہیزل ووڈ نے بولڈ کیا۔ راہول نے17 گیند کھیل کر محض دو رن بنائے ۔گزشتہ میچ میں سنچری بنانے اور مین آف دی میچ رہے چتیشور پجارا نے ایک بار پھر آسٹریلیائی بولروں کا ڈٹ کر سامنا کیا۔ پجارا نے کوہلی کے ساتھ تیسری وکٹ کے لئے 74 رن جوڑے اور ہندستان کو بحران سے باہر نکالا۔ پجارا کو اسٹارک نے انہیں ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ پجارا نے 103 گیندیں کھیلیں اور24 رنز میں صرف ایک چوکا لگایا۔ پجارا کی وکٹ82 کے مجموعی اسکور پرگری لیکن اس کے بعد کوہلی اور رہانے نے ٹیم کو کوئی اور نقصان نہیں ہونے دیا۔اس سے پہلے آسٹریلیا نے چھ وکٹ پر 277 رنز سے صبح آگے کھیلنا شروع کیا۔ کپتان ٹم پین (16) اور پیٹ کمنز (11) نے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے ٹیم کے اسکور کو 300 کے پار پہنچا دیا۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا350 سے زیادہ کے اسکور کی طرف گامزن ہو چکا ہے لیکن ہندوستانی بولروں نے 16 رن کے وقفے میں آسٹریلیا کے آخری چار وکٹ لئے۔ایشانت نے 4 وکٹس لئے۔