رہائشی علاقہ میں شراب کی دکان کی تجویز، عوام میں بے چینی

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) رہائشی علاقہ میں شراب کی دکان کھولنے کی تجویز پر عوام میں برہمی پائی اور اس کے خلاف احتجاج منظم کیا گیا۔ سعید آباد کے علاقہ اکلویا نگر میں اقلیتوں کے مکانات کی تعداد کافی کم  ہے اور یہاں ایک بڑی شراب کی دکان قائم کرنے کا منصوبہ ہے جہاں شراب نوشی کا بھی انتظام رہے گا۔ اس تجویز کی اطلاع پر مقامی عوام برہم ہوگئے اور  محکمہ آبکاری کے ڈپٹی کمشنر سے تحریری شکایت درج کروائی جس میں دکان کی اجازت نہ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ عوام نے اپنی شکایت میں بتایا کہ  شراب کی یہ دکان  رہائشی علاقہ میںکھولی جارہی ہے جہاں پر خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد میں چہل پہل ہوتی رہتی ہے اس کے علاوہ جس مقام پر شراب کی دکان قائم کرنے کی تجویز ہے وہاں  لڑکیوں کا ایس سی ، ایس ٹی اقامتی ہاسٹل بھی موجود ہے۔ اکلویا نگر میں صرف 20 فٹ کی سڑک موجود ہے اور یہاں شراب کی دکان کھولنے پر عوام کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بتایا جاتاہے کہ سال  2012 ء میں فرقہ وارانہ تشدد میں اقلیتی نوجوانوں کو اس علاقہ میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ پولیس اس علاقہ کو فرقہ وارانہ طور پر حساس تصور کرتی ہے۔