رہائشی اپارٹمنٹ میں قمار بازی، 7 افراد گرفتار

حیدرآباد 24 مئی (سیاست نیوز) ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے رہائشی اپارٹمنٹ میں قمار بازی کے ایک اڈے کو بے نقاب کرتے ہوئے 7 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب 28 سالہ سید حسن جو پیشہ سے رئیل اسٹیٹ تاجر ہے، تلک روڈ عابڈس پر واقع ایس کے اپارٹمنٹس میں ایک فلیٹ کرایہ پر حاصل کیا اور اپنے دیگر ساتھیوں ایم اے باسط، ابوبکر، محمد رحمت اللہ، شاکر مسعود صالح، سردار خان، محمد احمد اللہ خان کی مدد سے اپنے فلیٹ میں قمار بازی کا اڈہ چلارہا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر اپارٹمنٹ کے فلیٹ نمبر 305 پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں پر موجود افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے 17 ہزار نقد رقم، 8 موبائیل فون اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔ ٹاسک فورس ذرائع نے بتایا کہ سید حسن نے مذکورہ فلیٹ کرایہ پر حاصل کیا تھا اور وہ قمار بازی کے ہر گیم پر 500 روپئے کمیشن حاصل کررہا تھا۔ گرفتار افراد کو ٹاسک فورس نے پولیس اسٹیشن عابڈس کے حوالے کردیا۔