رانچی۔28ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر رگھوبرداس نے آج نئے چیف منسٹر جھارکھنڈ کی حیثیت سے حلف لیا ۔ وہ ریاست کے پہلے غیرقبائلی لیڈر ہیں جو حکومت کریں گے ۔ گورنر سید احمد نے یہاں برسا منڈا فٹبال اسٹیڈیم پر رگھوبرداس کو عہدہ رازداری کا حلف دلایا ۔ ان کے علاوہ نیلکنٹ سنگھ منڈا چندریشور پرساد سنگھ ‘ لوئس مرانڈی( بی جے پی قائدین) اور چندر پرکاش چودھری ( اے جے ایس یو پارٹی ) نے بھی کابینی وزراء کی حیثیت سے حلف لیا ہے ۔ جھارکھنڈ میں چیف منسٹر کے بشمول 12 وزراء کی کابینہ تشکیل دی گئی ہے ۔ نئی دہلی میں شدید کُہر کے باعث وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ نے حلف برداری میں شرکت نہیں کی ۔انہوں نے خراب موسم کے باعث اپنا دورہ منسوخ کیا ہے ۔ چیف منسٹر جھارکھنڈ بی جے پی کے قومی نائب صدر ہیں ۔ بابو لعل مرانڈی کے بعد وہ جھارکھنڈ کے چیف منسٹر بنیں ہیں ۔ اس سے قبل ارجن منڈا نے تین مرتبہ حکومت کی ۔ شبوسورین بھی تین مرتبہ چیف منسٹر رہ چکے ہیں ۔ جھارکھنڈ کے قیام کے بعد 14سال کے دوران پہلی مرتبہ ایک غیرقبائلی کو چیف منسٹر بنایا گیا ہے ۔ جمعہ کے دن بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کئے جانے کے بعد داس نے حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ پیش کیا ۔ ایک ورکر کی حیثیت سے بی جے پی میں شامل ہوتے ہوئے وہ پارٹی کے اندر اپنے مرتبہ میں بتدریج اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔