دوبئی 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے دو مرتبہ عالمی کپ جیتنے والے کپتان رکی پانٹنگ آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کیلئے ممبئی انڈینس کی ٹیم کے مشیر بن گئے ہیں۔ عصر حاضر کے بہترین بلے بازوں میں شمار کئے جانے والے پانٹنگ گذشتہ سال ممبئی انڈینس کی ٹیم کا حصہ تھا جب اس نے خطاب جیتا تھا ۔ انہوں نے ابتدائی کچھ میچس میں ٹیم کی قیادت بھی کی تھی جس کے بعد قیادت اب روہت شرما کو سونپ دی گئی ہے ۔ پانٹنگ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے آخری دو میچس کیلئے ٹیم کے مشیر ہونگے ۔ پانٹنگ نے ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد دوبئی میں کہا کہ وہ ممبئی انڈینس کے ساتھ ایک بار پھر جڑنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال ان کا تجربہ بہترین رہا ہے اور ٹیم کے کھلاڑیوں پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بار بھی بہترین مظاہرہ کرنے کی اپنی جانب سے ہرممکن کوشش کرینگے ۔