بودھن۔/9جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام دکن شوگرس شکر نگر میں برسر خدمت ملازمین کا ایک وفد آج رکن پارلیمنٹ نظام آباد کے کویتا سے ان کی رہائش گاہ نظام آباد میں ملاقات کرتے ہوئے بتایا کہ NDSL خانگی انتظامیہ، ملازمین کو ہر ماہ باقاعدہ اجرت ادا نہ کرنے کی وجہ سے فیکٹری ورکرس کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وفد میں شامل سی آئی ٹی یو کے قائد کمار سوامی نے بتایا کہ فیکٹری انتظامیہ ملازمین کو واجب الادا بقایا جات فی کس چھ ہزار پانچ سو اور رخصت کی آٹھ ہزار اس طرح جملہ فی کس تقریباً 14ہزار کے علاوہ گزشتہ دو ماہ کی تنخواہ ادا شدنی ہے۔ فیکٹری ملازمین نے بتایا کہ ماہ جون کا آعاز ہوچکا ہے بچوں کو مدارس و کالجس میں داخلے دلوانے ہیں اور فیس کی ادائیگی کیلئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مسٹر کمار سوامی کے بموجب شریمتی کے کویتا نے این ڈی ایس ایل کے ملازمین کے وفد کو تیقن دیا کہ وہ بہت جلد فیکٹری انتظامیہ اور ملازمین کے ایک اجلاس کا اہتمام کریں گی جس میں این ڈی ایس ایل انتظامیہ کو ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ہدایت دیں گے۔ ایم پی نظام آباد سے ملاقات کرنے والے این ڈی ایس ایل شکر نگر یونٹ کے ملازمین کے وفد میں شیخ جلیل، رامچندر، کنکیا و دیگر شامل تھے۔