سنگاریڈی ۔ /3 ڈسمبر ، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ٹی آر ایس رکن بلدیہ سنگاریڈی وارڈ نمبر 20پردیپ پر چند نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کرتے ہوئے انہیں شدید زدوکوب کیا گیا۔ پردیپ ٹی آر ایس رکن بلدیہ سنگاریڈی نے آج صبح گوکل ہاسپٹل میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ وہ رات تقریباً 12بجے قومی شاہراہ نمبر 65پر واقع ایک دھابہ پر دوستوں کے ہمراہ موجود تھے بعد ازاں انہوں نے اپنی موٹر سیکل پر اپنے مکان کو جارہے تھے جبکہ ان کے دیگر دوست کار کے ذریعہ دوسری سمت سے چلے گئے جبکہ پردیپ ملکا پورچوراستہ تا چوہان فنکشن ہال روڈ سے سنگاریڈی اپنی قیامگاہ جارہے تھے کہ اچانک سنسان سڑک پر چند نامعلوم افراد جو نقاب پہنے ہوئے تھے نے ان پر موٹر سیکلوں کی روشنی ڈالتے ہوئے انہیں روکتے ہوئے ان پر حملہ کردیا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی رکن بلدیہ پردیپ نے بتایا کہ ان پر جان لیوا حملہ کرنے کی کوشش کی جارہی تھی کہ اچانک مخالف سمت سے ایک موٹر گاڑی کے آجانے کی وجہ سے حملہ آوروں نے راہ فرار اختیار کرلی۔ زخمی پردیپ کو سنگاریڈی کے ایک خانگی دواخانہ میں شریک کروایا گیا جنہیں آئی سی یو وارڈ میں رکھ کر ڈاکٹرس ان کا علاج کررہے ہیں۔ جبکہ انجینلو سرکل انسپکٹر سنگاریڈی ٹاؤن نے موقع حادثہ کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ٹی آر ایس رکن بلدیہ سنگاریڈی زخمی پردیپ سے حملہ سے متعلق معلومات حاصل کی اور کیس درج رجسٹر کیا۔ ترپت انا ڈی ایس پی سنگاریڈی نے بھی دواخانہ پہنچ کر تفصیلات حاصل کی۔ ٹی آر ایس کارکنوں نے بطور احتجاج سنگاریڈی ٹاؤن بند منایا۔ اسکولس و کالج، پٹرول پمپس، سینما تھیٹرس، تجارتی ادارے بند رہے۔ قبل ازیں صبح ٹی آر ایس کارکنوں نے گوکل ہاسپٹل، نیو بس اسٹانڈ، اولڈ بس اسٹانڈ، نعل صاحب گڈہ تا سنگاریڈی چوراہا تک ایک احتجاجی موٹر سیکل ریالی بھی منظم کی۔ چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی، راجمنی چیرمین ضلع پریشد، منوہر گوہر رکن زیڈ پی ٹی سی، نرہر ریڈی، کے وجئے کمار، ملیشم، جلیل الدین بابا، شیخ رشید، ایم اے سبحان، مسعود، شیوا، وینکٹیشم، لکشمی اور دیگر نے زخمی پردیپ سے دواخانہ میں ملاقات کرتے ہوئے ان کی عیادت کی اور حملہ آوروں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔