رکن اسمبلی کونیروکونپا کی ٹی آر ایس میں شمولیت

کاغذنگر۔27جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نومنتخب رکن اسمبلی سرپور مسٹر کونیرو کونپا نے چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کی موجودگی میں حیدرآباد کے تلنگانہ بھون میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت حاصل کرلی۔ انہوں نے بہوجنا سماج پارٹی میں رہ کر حالیہ اسمبلی الیکشن میں نمایاں کامیابی حاصل کی تھی ۔ مسٹر کونیرو کونپا آندھراپردیش ایکسپریس کے ذریعہ کاغذنگر ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر ٹی آر ایس کے قائدین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی کثرت سے گلپوشی کی گئی ۔ اس موقع پر انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ خدمت خلق کیلئے اپنی زندگی وقف کردینا چاہتے ہیں وہ کسانوں کے بھی ہمدرد ہیں ‘ کسانوں کے لئے سویابین کے تخم میں 50% رعایت کا مطالبہ کرنے پر انہوں نے 33% فیصد رعایت کرنے کا تیقن دیا ۔ مسٹر کونیرو کونپا نے کہا کہ پینے کے پانی کی سہولت کیلئے بھی انہوں نے رضامندی ظاہر کی ۔ کاغذنگر میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے ۔ میونسپلٹی کے ذریعہ ہفتہ میں دوبار پینے کا پانی سربراہ کیاجاتاہے‘ اس کے پیش نظر چیف منسٹر سے نمائندگی کرنے پر انہوں نے 8کروڑ روپئے کے بجٹ کی منظوری دینے کا وعدہ کیا تاکہ سڑے گلے پائپ لائن تبدیل کئے جاسکیں ۔ سرپور تا کوٹھالہ سڑک پر برج کی تعمیر کیلئے انہوں نے 6.35 کروڑ روپئے کی منظوری دلوائی ۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ریاست مہاراشٹرا اور ریاست تلنگانہ کے درمیان چنور منڈل کے قریب موضع ایری جانے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اگر ان مقامات کے درمیان ایک پُل تعمیر کیا جائے تو عوام کو کافی سہولت ہوگی ۔ اس سلسلہ میں بھی چیف منسٹر سے بہت جلد نمائندگی کر کے برج کی تعمیر کیلئے فنڈس کی منظوری دلوانے کی حتی الامکان کوشش کریں گے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر شریف ‘ مسٹر لکشمن ‘ مسٹر ستیہ نارائن گوڑ کے علاوہ میونسپل کونسلرس مسٹر دیشمکھ سرینواس ‘ مسٹر کرن اور سرپور پیپرملز کے مزدور وں کی کثیر تعداد موجود تھی۔