رکن اسمبلی کورٹلہ کے خلاف الزامات پر اعتراض

کورٹلہ ۔15 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی کورٹلہ کی ترقی کیلئے ہر ممکنہ کوشش کرنے والے رکن اسمبلی مسٹر کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ پر بے بنیاد الزامات لگانے سے باز آجانے کی کانگریس قائدین سے مسٹر سیلم وینو صدرنشین مجلس بلدیہ کورٹلہ نے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جسے عوام نے یکسر اسمبلی و پارلیمانی الیکشن میں مسترد کرچکے ہیں انہیں یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ کورٹلہ کی ترقی کیلئے اقدامات کرنے والے رکن اسمبلی کورٹلہ مسٹر ودیا ساگر راؤ پر تنقید کریں۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کی ہدایت پر مجلس بلدیہ کورٹلہ مٹ پلی کے حدود میں واقع عوامی نمانندے ذمہ داری کے ساتھ وبائی امراض کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کررہے ہیں اور مجلس بلدیہ کے تمام وارڈوں میں میڈیکل کیمپ منعقد کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موسم میں ہونے والی تبدیلی سے عوام وبائی امراض سے متاثر ہورہے ہیں ۔ ان بیماریوں کی روک تھام کے سلسلہ میں ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے یں ۔ ایسے موقع پر تعاون دینے کی بجائے چند قائدین سیاسی سوججھ بوجھ کی کمی کی بناء پر سیاسی رنگ دیتے ہوئے رکن اسمبلی کورٹلہ مسٹر کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ پر الزامات عائد کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس آفس کورٹلہ میں اخباری نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کانگریس آئی قائدین سے کہا کہ رکن اسمبلی کوٹرلہ پر بے بنیاد الزامات لگانے سے باز آجائیں بصورت دیگر منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ اس پروگرام میں مجلس بلدیہ کورٹلہ کے وارڈ کونسلر بھوسٹیل ٹی آر ایس ٹاؤن سکریٹری مسٹر پی بھاسکر نے شرکت کی ۔