رکن اسمبلی رگھوراج شاکیہ کاسماجوادی پارٹی سے استعفیٰ

ملائم سنگھ کی توہین کی وجہ سے پارٹی سے ترک تعلق کا فیصلہ
اٹاوہ،27جنوری(سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش کے وزیراعلی اکھیلیش یادو کے آبائی ضلع اٹاوہ کی صدر سیٹ سے رکن اسمبلی رگھوراج سنگھ شاکیہ نے اپنے حامیوں کے ساتھ سماجوادی پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔مسٹر شاکیہ نے استعفیٰ دینے کے بعد آج یہاں کہا کہ وہ نیتاجی کی مبینہ توہین کی وجہ سے پارٹی سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ان کا واضح طورپر کہنا ہے کہ ملائم سنگھ یادو کی جس طرح سے توہین کی گئی ہے وہ کسی بھی صورت میں قابل برداشت نہیں ہے ۔مسٹر شاکیہ شیو پال سنگھ کے حامی مانے جاتے ہیں۔ان کی یہ مورچہ بندی اکھیلیش حامیوں کا کتنا سیاسی نقصان کرپائے گی یہ تو انتخابات کے بعد ہی پتہ چلے گا لیکن فوری طورپر یہی کہا جاسکتا ہے کہ اٹاوہ کے آس پاس شیوپال حامی سماجوادی پارٹی کا بڑا نقصان کرنے کی کوشش میں ہیں تاکہ سماجوادی پارٹی کی قیادت کو یہ بتاسکیں کہ ان کی طاقت آج بھی کسی بھی طرح سے کم نہیں ہوئی ہے ۔اٹاوہ صدر سیٹ پر رگھوراج سنگھ شاکیہ کا ٹکٹ وزیراعلی اکھیلیش یادو نے پروفیسر رام گوپال یادو کے بھروسے مند اور قریبی میونسپلٹی کی کونسل کے چیئرمین کلدیپ گپتا سنٹو کو دے دیا ہے اسی وجہ سے رگھو راج سنگھ شاکیہ اور ان کے حامی بے حد خفا نظر آرہے ہیں اور مسلسل وزیراعلی اکھیلیش یادو کے خلاف مورچہ کھولے ہوئے ہیں۔الیکشن لڑنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کا ارادہ الیکشن کا لڑنے کا بالکل نہیں ہے ۔وہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے ،ان کے خون میں سماجوادی پارٹی بسی ہوئی ہے ۔