رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کے جواں سال فرزند کا انتقال

حیدرآباد۔/27 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) رکن اسمبلی نامپلی جناب جعفر حسین معراج کے 32 سالہ جواں سال فرزند جناب محمد مقصود حسین کا طویل علالت کے بعد آج صبح انتقال ہوگیا۔ مقصود حسین کی پانچ سال قبل گردہ کے عارضہ کے سبب گردہ کی پیوندکاری کی گئی تھی۔ دو سال تک ان کی طبیعت ٹھیک رہی اور پھر 26 نومبر کو دوسری مرتبہ پیوند کاری کی گئی جس کے بعد سے طبیعت بگڑ گئی ۔ گزشتہ دنوں حالت میں کسی قدر سدھار دیکھا گیا لیکن صحت بگڑتی گئی آخر کار آج صبح 8:30 بجے وہ دار فانی کو کوچ کرگئے۔ محمد مقصود حسین کے پسماندگان میں اہلیہ ہے۔ وہ جناب جعفر حسین معراج کے دوسرے فرزند تھے۔ نماز جنازہ بعد نماز مغرب تاریخی مکہ مسجد میں ادا کی گئی۔ مولانا عبدالرحمن بغدادی نے نماز جنازہ پڑھائی۔ تدفین قبرستان حضرت عبداللہ شاہؒ نقشبندی چمن مصری گنج میں عمل میں آئی۔ فاتحہ سیوم ہفتہ کو بعد نماز عصر مسجد زاہدہ احمد نزد شمع گارڈن بنڈلہ گوڑہ میں مقرر ہے۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں سوگوار شریک ہوئے جو شہر کے مختلف علاقوں سے پہنچے تھے۔ نماز جنازہ کی صفیں مسجد کے حوض تک دیکھی گئیں۔ جناب جعفر حسین معراج کو پرسہ دینے والوں میں وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی، جناب حامد محمد خاں، جناب محمد اظہر الدین (جماعت اسلامی ) کے علاوہ ارکان اسمبلی اور مختلف جماعتوں اور تنظیموں کے قائدین شامل ہیں۔ جعفر حسین معراج کی قیامگاہ پر ان کے حامیوں کی کثیر تعداد نے پہنچ کر پرسہ دیا۔