رکنیت سازی کے بعد بی جے پی کا عوامی رابطہ پروگرام

نئی دہلی ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) رکنیت سازی مہم مکمل کرنے کے بعد بی جے پی نے آج عوام سے رابطہ کے پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت پارٹی ورکرس کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اپنے نئے ارکان کے گھروں کو جائیں اور انہیں پارٹی کے نظریات سے واقف کروائیں ۔ تین ماہ تک چلنے والے عوامی رابطہ کے اس پروگرام کا آج پارٹی صدر امیت شاہ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے آغاز کیا ۔ یکم نومبر کو گذشتہ سال شروع ہوئی رکنیت سازی مہم میں مودی پارٹی کے اولین رکن بنے تھے ۔ کل رکنیت سازی مہم کا اختتام عمل میں آیا تھا جس کے بعد امیت شاہ نے دعوی کیا تھا کہ پارٹی کے ارکان کی تعداد 10.5 کروڑ تک پہونچ گئی ہے ۔ امیت شاہ نے آج وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد کہا کہ انہوں نے بی جے پی کے پہلے رکن وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے بی جے پی کے عوامی رابطہ پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام پارٹی ورکرس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پارٹی کے نئے ارکان کے گھروں کو جائیں اور ان سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں پارٹی کی آئیڈیالوجی سے واقف کروائیں ۔ امیت شاہ نے مودی سے ملاقات کے بعد یہ بات کہی ۔

بی جے پی صدر کے ہمراہ مودی سے ملاقات کرنے والے پارٹی کے تنظیمی جنرل سکریٹری رام لال اور دوسرے قائدین بھی شامل تھے جو عوامی رابطہ مہم کے ارکان ہیں۔ ان میں بھوپیندر یادو ‘ کیلاش وجئے ورگیہ اور سروج پانڈے بھی شامل ہیں۔پارٹی کے تین ماہ طویل رابطہ پروگرام کے طور پر پارٹی کے تمام ورکرس نئے ارکان سے ملاقات کرینگے اور ان کی رکنیت کی جانچ کرکے توثیق کرینگے ۔ اس کے علاوہ انہیں پارٹی کے نظریات سے واقف کروائیں گے ۔ یہ رکنیت سازی مہم آن لائین موبائیل ٹکنالوجی سے انجام دی گئی تھی ۔ امیت شاہ نے کہا کہ ان کی پارٹی تمام ضلع سطح پر نئے ارکان کا ڈاٹا بیس تیار کریگی اور نئے ارکان کو پارٹی کے کاموں اور سماجی کاموں میں مصروف کیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ پارٹی کی توسیع کیلئے بھی انہیں سرگرم کیا جائیگا ۔ عوامی رابطہ کی مہم کا اختتام 31 جولائی کو عمل میں آئیگا جس کے پارٹی پارٹی کی جانب سے اپنے ورکرس کیلئے بڑے پیمانے پر تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آئیگا ۔ ارکان کو مسلسل مصروف رکھنے اس پروگرام کو بھی تین ماہ تک چلانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ جو ارکان 100 نئے ارکان کی فہرست کے ساتھ ان سے رابطہ کرینگے انہیں سرگرم رکن بنایا جائیگا ۔