حیدرآباد۔ 15؍جون (سیاست نیوز)۔ ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ امتحان میں شریک ہونے امتحان سنٹر کو جانے والا ایک نوجوان ایل بی نگر علاقہ میں سڑک حادثہ کا شکار ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ دیپک کمار جس کا تعلق روہتاس (بہار) سے تھا، ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ 2014ء امتحان میں شرکت کے لئے ونستھلی پورم سنٹر جارہا تھا اور آج دوپہر مصروف ترین ایل بی نگر چوراہے کے قریب سڑک عبور کررہا تھا کہ وہ اچانک تیز رفتار ڈی سی ایم ویان کی ٹکر کا شکار ہوگیا۔ سب انسپکٹر ایل بی نگر پولیس مسٹر ڈی نانونائیک نے بتایا کہ دیپک کمار کے سر پر گہرا زخم آیا تھا جس کے باعث وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ ایل بی نگر پولیس نے ڈی سی ایم کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا ہے۔ نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مُردہ خانہ منتقل کردیا گیا۔