رچہ کونڈہ پولیس نے گانجہ منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب کیا

حیدرآباد /28 مارچ ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے گانجہ منتقلی کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 178 کیلو گانجہ ضبط کرلیا ۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ایل بی نگر میں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ گانجہ منتقلی کیلئے اسمگلرس حیدرآباد کے راستہ کو استعمال کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ گانجہ وشاکھاپٹنم سے شولاپور براہ حیدرآباد رچہ کنڈہ منتقل کیا جارہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرنے کے بعد رچہ کنڈہ پولیس چوکس تھی تاہم انٹلی جنس ایجنسی کی جانب سے حاصل اطلاع پر موثر کارروائی انجام دی گئی اور اس اسکوڈا کار جس میں گانجہ منتقل کیا جارہا تھا اس کو پکڑ لیا گیا اور چار افراد جیون 32 سالہ ساکن ورنگل 44 سالہ سنجیو ساکن ورنگل 24 سالہ کمار سوامی اور 23 سالہ وشنو ساکن ویزاگ کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ خریدار اصل سرغنہ جیسبا ساکن مہاراشٹرا مفرور ہے ۔