رچرڈ کی پاکستانی فیلڈنگ کوچ بننے سے معذرت

لاہور۔26؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے رچرڈ ہلسل نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ بننے سے معذرت کر لی۔ سابق ٹسٹ کرکٹر اعجاز احمد فیلڈنگ کوچ کے مضبوط امیدوار بن گئے۔ پی سی بی نے ہیڈ کوچ وقار یونس اور سلیکٹر محمد اکرم کی تجویز پر رچرڈ ہلسل کو ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کیلئے دو سالہ معاہدے کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے سابق فیلڈنگ کوچ ہلسل نے پی سی بی میں بار بار چیئرمین کی تبدیلی سے پیدا ہونیوالی غیر یقینی صورتحال کے باعث معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کیا۔ ہلسل کے انکار کے بعد کوچ کمیٹی نے فیلڈنگ کوچ کیلئے موصول ہونیوالی دیگر درخواستوں کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ سلیکشن کمیٹی کے رکن اعجاز احمد کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ سابق ٹسٹ کرکٹر 2009ء میں انڈر 19 اور 2010ء میں پاکستان کے مشترکہ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔