نئی دہلی ۔ 31مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے سابق ڈائرکٹر روی شاستری نے اپنے معاون عملہ جن میں سنجے بنگر ، بھارت ارون اور آر سریدھر شامل ہیں ، ان کے ہمراہ ٹیم کی کوچنگ کے لئے درخواست داخل کی ہے اور بی سی سی آئی کی جانب سے آئندہ چند دنوں میں کوچ کیلئے جب اشتہار دیا جائے گا تو ضابطہ کی کارروائی مکمل کی جائے گی تاکہ درخواست اشتہار کے بعد داخل ہوسکے ۔ بی سی سی آئی کے سینئر عہدیدار نے توثیق کی ہے کہ شاستری کے ہمراہ بیٹنگ کوچ بانگر ، بولنگ کوچ ارون اور فیلڈنگ کوچ آر سریدھر نے ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کے مختلف عہدوں کیلئے اپنی درخواست روانہ کی ہے ۔ ذرائع کے بموجب انوراگ ٹھاکر کے صدر بننے کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کا عملہ نئی دہلی میں ان سے ملاقات کیا اور کوچنگ کے عہدوں کے ضمن میں تبادلۂ خیال بھی ہوا جس پر انھیں مثبت ردعمل دیا گیا کیونکہ بورڈ کو شاستری اینڈ کمپنی کی گزشتہ 18 ماہ کی کارکردگی پر اطمینان ہے ۔ روی شاستری نے حالیہ عرصہ میں میڈیا کو بیان دیا تھا کہ گزشتہ 18 ماہ جو ٹیم کے ساتھ گذارے گئے وہ انتہائی شاندار رہے ہیں۔