نئی دہلی۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری نے آئی سی سی کی باوقار کرکٹ کمیٹی میں میڈیا نمائندہ کی حیثیت سے اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔ یہ بھی اتفاق ہے کہ آئی سی سی کی اس کمیٹی کے صدرنشین ہندوستان کے ہیڈ کوچ انیل کمبلے ہیں جنہوں نے اعلیٰ اختیاری کمیٹی نے حصول ااجازت کے بعد روی شاستری کو یہ عہدہ دلایا تھا۔ روی شاستری نے کسی وضاحت کے بغیر کہا کہ ’’پہلے ہی میں آج استعفیٰ پیش کرچکا ہوں۔ میری بھی چند شخصی ذمہ داریاں ہیں اور میں چھ سال اس عہدہ پر کام کرچکا ہوں۔ باور کیا جاتا ہے کہ روی شاستری کامنٹری اور تجزیہ نگاری کے کاموں میں مسلسل مصروفیت کے سبب آئی سی سی سے سبکدوشی کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ کرکٹ کی اس مشاورتی کمیٹی کے ایک رکن سارو گنگولی سے بھی ان کا جھگڑا ہوگیا تھا جس کی میڈیا میں ضرورت سے زیادہ تشہیر کی گئی تھی۔