رویندرا جڈیجہ کی آج ریواسولنکی سے منگنی

راجکوٹ۔4فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کی کل یہاں میکانیکل انجنیئرلڑکی ریواسولنکی سے منگنی ہوگی ۔ ریوا جو کہ اتمیا کالج سے انجنیئرنگ کی تعلیم مکمل کرچکی ہے اور وہ اب دہلی میں یو پی ایس سی امتحان کی تیاری میں مصروف ہیں جب کہ ان کی والدہ پرافولابا سولنکی انڈین ریلوے کی ملازمہ اور والد تاجر ہیں ۔ منگنی کی تقریب کل جڈیجہ کے ریسٹورنٹ نائنا جڈیجہ میں منعقد ہوگی اور اس کی تصدیق جڈیجہ کی بڑی بہن نے کی ہے ۔
کیرتی آزاد کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ
نئی دہلی ۔4فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) کیرتی آزاد کی جانب سے کرپشن کے الزامات عائد کئے جانے کے بعد ہاکی انڈیا ان کے خلاف سیول اور فوجداری ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کیرتی آزاد جنہیں پہلے ہی معطل کیا جاچکا ہے اب ان کے خلاف ہاکی انڈیا پیر یا منگل کو مقدمہ دائر کرنے پر غور کررہی ہے ۔ ہاکی انڈیا کے ذرائع کے بموجب کیرتی آزاد کی جانب سے مسلسل الزامات لگانے کی وجہ سے ہاکی انڈیا کے عہدیدار کافی برہم ہیں کیونکہ الزامات کی وجہ سے ہاکی انڈیا کی ساکھ متاثر ہونے کے علاوہ اسپانسرس بھی نہیں مل رہے ہیں ۔دریں اثناء ہاکی انڈیا کے صدر نریندر بترا نے بھی تصدیق کردی ہے کہ آزاد کے خلاف جوابی کارروائی کے تحت مقدمہ دائر کیا جائے گا ۔