روہنگیا مسلمانوں کو بنگلہ دیش نے واپس کردیا

ڈھاکہ ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) میانمار میں تشدد سے متاثرہ روہنگیا پناہ گزینوں سے بھری کئی کشتیوں کو بنگلہ دیش بارڈر گارڈس نے آج واپس کردیا حالانکہ ملک کی اپوزیشن اپیلیں کرتی رہ گئی کہ بدحال میانماری مسلمانوں کو آسرا فراہم کیا جائے۔ میانمار کی مغربی ریاست راخین سے ہزاروں بے یار و مددگار روہنگیا مسلمان گذشتہ ہفتہ بنگلہ دیش میں پناہ کی امید کے ساتھ سرحد کی طرف چل پڑے تھے۔ بتایا جاتا ہیکہ وہ میانمار کی سیکوریٹی فورسیس کے ہاتھوں اجتماعی عصمت ریزی، شدید زدوکوبی اور قتل کے ہولناک واقعات روہنگیا برادری کے ساتھ پیش آئے ہیں۔ 8 کشتیوں نے دریائے ناف کو عبور کرنے کی کوشش کی، جو راخین کو جنوبی بنگلہ دیش سے علحدہ کرتی ہے، جہاں دوشنبہ کو انہیں واپس ان کے علاقہ کی طرف بھیج دیا گیا۔ بنگلہ دیشی سرحدی ٹاؤن تیکناف میں تعینات بورڈ گارڈس کے سربراہ کرنل ابوزر الزاہد نے نیوزی ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ میانماری لوگوں کو داخلہ کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہر کشتی میں 12 تا 13 روہنگیا سوار تھے۔