ممبئی۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)روہت شرما نے اپنی فارم میں دوبارہ لوٹتے ہوئے94 ر نز کی شاندار اننگز کھیل کر ممبئی انڈین کو رائل چیلنجرس بنگلورو کے خلاف 46 رنز کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا ۔ دفاعی چیمپئن ممبئی کی آئی پی ایل میں مسلسل تین شکستوں کے بعد یہ پہلی کامیابی رہی۔ روہت نے گزشتہ تین میچوں کی ناکامی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 52 گیندوں میں 10 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 94 رن بنائے ۔ ممبئی نے 20 اوور میں چھ وکٹ پر 213 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا اور پھر بنگلور کو اپنی شاندار بولنگ سے پست کردیا۔ بنگلوروکی ٹیم کپتان ویراٹ کوہلی کے ناٹ آؤٹ92 رنز کے باوجود8 وکٹ پر 167 رن ہی بناسکی۔ بنگلورو کی چار میچوں میں یہ تیسری شکست ہے ۔ممبئی کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے صفر کے اسکور پر سوریہ کمار یادو اور یشان کشن کے وکٹ گنواد یئے ۔ امیش یادو نے دونوں کو بولڈ کیا۔ چوتھے نمبر پر روہت نے اوپنر ایون لوئس کے ساتھ تیسری وکٹ کے لئے108 رنز کی شراکت داری کی۔ لوئس نے جارحانہ انداز میں 42 گیندوں پر 65 رن میں چھ چوکے اور پانچ چھکے لگائے ۔کنال پانڈیا 15 اور ہاردک پانڈیا 17 کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لئے 40 رنز اور ہاردک کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لئے 29 رنز کی شراکت داری کی۔ امیش یادو نے36 رنز پر دو وکٹ اور کیری اینڈرسن نے 47 رن پر دو وکٹ لئے ۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلورو کی ٹیم ایک مرتبہ بھی مقابلہ میں نظر نہیں آئی۔ کپتان کوہلی نے ایک طرفہ مقابلہ کرتے ہوئے 62 گیندوں میں سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 92 رن بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے ۔ اے بی ڈی ولیئرس کا محض ایک رن بناکر آؤٹ ہوجانا بنگلورو کے لئے بہت نقصان دہ ثابت ہوا۔کوئنٹن ڈی کاک نے 19، واشنگٹن سندر نے سات، سرفراز خان نے پانچ اور کرس ووکس نے 11 رنز بنائے ۔ کنال پانڈیا نے 28 رنز پر تین وکٹ، جسپریت بمراہ نے 28 رن پر دو وکٹ اور لیگ اسپنر مائینک پانڈیا25 رن پر ایک وکٹ لے ۔
آئی پی ایل سٹہ بازی
انجینئرنگ کا طالب علم گرفتار
کلکتہ۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)جلپائی گوڑی میں ممبئی انڈینس اور رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم کے میچ دوران سٹہ بازی کرنے کے الزام میں انجینئرنگ کے ایک طالب علم سمیت 6افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔جلپائی گوڑی کوٹ والی پولس نے حفیہ رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کل رات یہ گرفتاری کی ۔یہ افراد سٹہ بازی میں ملوث تھے ۔پولس نے ان کے پاس سے لیپ ٹاپ اور دیگر دستاویز بھی برآمد کیا ہے ۔واضح رہے کہ رواں آپی پی ایل کے دوران حیدرآباد’ممبئی اور بنگلور سے بھی گرفتاریاں ہوئیں ہیں۔