روہت کوونڈے ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان

نئی دہلی ۔8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ سیریز کھیلنے کے بعد ہندوستانی ٹیم مہمان ٹیم کے خلاف ونڈے اور ٹوئنٹی20 سیریز میں بھی کھیلنے والی ہے لیکن ونڈے میں پھر ایک مرتبہ روہت شرما کو کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔ ویسٹ انڈیز نے ٹی ٹوئنٹی کیلئے تو مضبوط ٹیم منتخب کی ہے ، لیکن ونڈے سیریز میں مہمان ٹیم نے اپنے اسکواڈ میں کافی غیر تجربہ کار کھلاڑیوں کو جگہ دی ہے۔ ایسے میں اب مانا جارہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے سینئر کھلاڑی خاص کر جو تینوں فارمیٹ میں کھیلتے ہیں وہ ونڈے سیریز میں آرام کریں گے۔ کپتان ویراٹ کوہلی ، جسپریت بمبرا ، بھونیشور کمار جیسے کھلاڑیوں کو آرام دیا جاسکتا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے میچوں کی سیریز میں اگر کوہلی آرام کرتے ہیں ، تو روہت شرما ایک مرتبہ پھر ٹیم کی قیادت سنبھال سکتے ہیں۔ وہیں سلیکٹرس ویسٹ انڈیز کے خلاف انڈیا اے اور انڈیا بی میں کھیل رہے کھلاڑیوں کو بھی موقع دے سکتے ہیں۔ دراصل ویسٹ انڈیز سیریز ورلڈ کپ سے پہلے آخری ایسی سیریز ہے ، جس میں تجربہ کیا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے دورہ پر جائے گی اور اس کے بعد اس کو نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے ، جہاں ٹیم میں شاید ہی تجربہ کیا جائے۔ میزبان ٹیم کے سلیکٹرس نے اگر ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے سیریز میں تجربہ کیا تو کئی نوجوان کھلاڑیوں کو آزمایا جاسکتا ہے۔ ریشبھ پنت کو ونڈے سیریز میں موقع دیا جاسکتا ہے۔ ٹی 20 سیریز میں بھی وہ کھیل سکتے ہیں۔ حالانکہ دھونی کو بھی ٹیم میں رکھے گی ، کیونکہ وہ ٹسٹ سے سبکدوش ہونے کے بعد سے کافی کم کرکٹ کھیل رہے ہیں ، جس کا اثر ان کی بیٹنگ پر پڑ رہا ہے۔ یہی نہیں سینئر کھلاڑی اشون کو بھی ایک مرتبہ پھر ونڈے سیریز میں آزمایا جاسکتا ہے کیونکہ اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ میں اشون کا تجربہ کافی کام آسکتا ہے۔یاد رہے کہ ایشیا کپ میں کوہلی کو آرام دئے جانے کے بعد روہت شرمانے نہ صرف ہندوستانی ٹیم کی کامیاب کپتانی کی تھی بلکہ انفرادی شاندارمظاہروں کے ساتھ ٹیم کو ٹورنمنٹ میں ناقابل شکست رکھتے ہوئے خطاب بھی دلوایا ۔