روہت کا ڈبل دھماکہ‘سری لنکا چاروںشانے چت

کولکتہ ۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تاریخی میدان ایڈن گارڈنس میں ہندوستانی اوپنر روہت شرما نے سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے مقابلہ میں 264 رنز کی ریکارڈ اننگز کھیلتے ہوئے ونڈے کے کئی ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ روہت شرما ونڈے میں دوسری مرتبہ ڈبل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن چکے ہیں جیسا کہ گذشتہ برس نومبر میں روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف بنگلور میں 209 رنز اسکور کئے تھے۔ روہت شرما نے 173 گیندوں کی اننگز میں 33 چوکے اور 9 چھکے لگاتے ہوئے اپنے کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری اسکور کی، اس دوران انہوں نے سابق اوپنر ویریندر سہواگ کے 219 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ اس میچ میں سری لنکا کو 153 رنز سے شکست ہوئی ۔

آسٹریلیا کے خلاف گذشتہ برس ماہ نومبر میں بنگلور میں منعقدہ ونڈے میں روہت شرما نے کریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی تھی اور ایک سال بعد آج کولکتہ کے تاریخی میدان ایڈن گارڈنس میں روہت شرما نے ونڈے کرکٹ کی ریکارڈ اننگز کھیلتے ہوئے نہ صرف 50اوورس کی کرکٹ میں دوسری مرتبہ ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹسمین بنے بلکہ 264رنز کے ذریعہ ونڈے کرکٹ کا انفرادی اعظم ترین اسکور بھی بنایا ۔ روہت شرما کی اس ریکارڈ ڈبل سنچری کی بدولت ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف یہاں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورس میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر404رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا ۔ روہت شرما جس وقت 4رنز کے انفرادی اسکور پر بیٹنگ کررہے تھے اُس وقت تھرڈ مین پر تہسارا پریرا نے ان کا ایک آسان کیچ چھوڑا جو سری لنکائی ٹیم کیلئے کافی مہنگا ثابت ہوا ۔

روہت شرما نے 173گیندوں میں 33چوکوں اور 9چھکوں کی مدد سے 264رنز اسکور کرتے ہوئے ہم وطن اور سابق اوپنر ویریندر سہواگ کے 219رنز کا ونڈے ریکارڈ توڑ دیا ہے جو کہ انہوں نے 2011ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اندور میں بنایا تھا ۔ روہت شرما ونڈے کرکٹ کے ایسے پہلے کھلاڑی ہونے کا ریکارڈ بھی اپنے نام درج کرلیا ہے جنہوں نے 50اوورس کی کرکٹ میں دوسری ڈبل سنچری اسکور کی ہے ‘ چونکہ گذشتہ برس نومبر میں انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف بنگلور میں 209رنز کی اننگز کھیلی تھی ۔ اس ریکارڈ ساز ڈبل سنچری کے دوران روہت شرما نے اے زمرہ میں ساتھی اوپنر شکھر دھون کا 248رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جو کہ گذشتہ برس دھون نے جنوبی افریقہ اے کے خلاف پریٹوریا میں بنایا تھا ۔ 173گیندوں کی اننگز کے دوران روہت شرما نے جو 33چوکے لگائے وہ بھی ایک ریکارڈ ہے

جب کہ آخری 214رنز انہوں نے صرف 101 گیندوں میں لگائے ۔ ایڈن گارڈنس سے روہت کی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے ٹسٹ کریئر کا بھی یہیں آغاز کرتے ہوئے 177رنز کی اننگز کھیلی تھی ۔ شرما کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے 2009ء میں سری لنکا کے خلاف یہاں 317رنز کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا ہے ۔ہندوستان کیلئے اجنکیا رہانے (28) ‘ امباٹی رائیڈو (8) ‘ ویراٹ کوہلی (66) ‘ سریش رائنا (11) اور رابن اتھپا نے غیر مفتوح 16رنز کی اننگز کھیلی ۔ سری لنکا کیلئے اجنتا منڈیس نے 7اوورس اور پرسنا نے 10اوورس میں فی کس 70رنز دیئے ۔ تاہم کپتان انجیلو میتھوز نے 8اوورس میں 44رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے بہتر بولنگ کا مظاہرہ کیا ۔ علاوہ ازیں کُلاسیکرا نے 9اوورس میں 89رنز اور ایرنگا نے 10اوورس میں 77رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔