رائے پور 10 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپئن ممبئی انڈین کے کوچ جان رائٹ نے آج کہا ہے کہ ٹیم کے کپتان روہت شرما چمپئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں شرکت نہیں کریں گے، روہت شرما کی انگلینڈ کے خلاف کارڈف میں منعقدہ دوسرے ونڈے کے دوران اُنگلی زخمی ہوئی ہے، جس کے باعث وہ انگلش ٹیم کے خلاف ونڈے سیریز کے مابقی تین مقابلے اور ایک ٹوئنٹی 20 مقابلہ بھی نہیں کھیل پائے ہیں۔ دریں اثناء یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جان رائٹ نے کہاکہ روہت شرما اِس ٹورنمنٹ میں شرکت نہیں کررہے ہیں اور یہ ہمارے لئے مشکل خبر ہے۔ نیز آئندہ 24 گھنٹوں میں ہم ممکنہ طور پر ٹیم کے نئے کپتان کا انتخاب کرلیں گے۔ جان رائٹ نے مزید کہاکہ ٹیم میں کئی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جنھوں نے ماضی میں بھی بہتر مظاہرے کئے ہیں اور ہمیں اُمید ہے کہ اب ہر کھلاڑی اپنا بہتر مظاہرہ کرے گا۔ اوپنر روہت شرما ممبئی انڈینس کے لئے گزشتہ چند برسوں سے ایک اہم کھلاڑی بن چکے ہیں جنھوں نے ممبئی انڈینس کو 2013 ء میں چمپئنس لیگ کا خطاب بھی دلوایا ہے۔ دریں اثناء 13 سپٹمبر کو ممبئی انڈینس کوالیفائر کے پہلے مقابلے میں یہاں شہید ویر نارائن سنگھ اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم لاہور لائنس کا سامنا کرے گی۔