ملبورن 18 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا میں جاری سہ رخی سیریز کے دوران دوسرے ونڈے میں آج ایک بار پھر کھلاڑیوں میں تلخ کلامی دیکھنے میں آئی جبکہ ہندوستانی اوپنر روہت شرما اور آسٹریلیائی بلے باز ڈیوڈ وارنر کے مابین کچھ سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا ۔ یہ واقعہ ہندوستانی اننگز کے 23 ویں اوور میں پیش آیا جب روہت شرما نے جیمس فالکنر کی ایک گیند کو مڈ آف کی سمت ڈرائیو کیا اور وارنر نے گیند اسٹرائیکر اینڈ کی سمت پھینکی ۔ تاہم گیند شرما کے پیر سے ٹکرا گئی اور ہندوستان نے ایک رن لے لیا ۔ وارنر اور شرما کے مابین اس وقت تلخ کلامی ہوئی کیونکہ روہت شرما نے اوور تھرو میں ایک اور رن لے لیا تھا ۔ اس وقت امپائروں کو مداخلت کرکے دونوں کو علیحدہ کرنا پڑا ۔