کولکاتا ۔26 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق کرکٹر اور ممبئی انڈینس کے آئیکان سچن تنڈولکر نے آئی پی ایل چمپیئن ٹیم کے کپتان روہت شرما کی بڑی تعریف وستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان برسوں میں لیڈر کے طورپر اُبھر آئے ہیں ۔ ’’اگر آپ اُسے اُن دنوں کے مقابل دیکھیں جب اُس نے ممبئی انڈینس کیپٹن کی حیثیت سے شروعات کی تھی تو وہ آج کہیں بہتر کپتان ہے۔ وہ آج کافی پراعتماد نظر آتا ہے ۔ وہ ایم آئی کیپٹن کی حیثیت سے کئی نشیب و فراز سے گذرچکا ہے ۔ اس طرح کے چیلنجس آپ کو بہتر کرکٹر اور زیادہ سخت جان کھلاڑی ہی بناتے ہیں‘‘ تنڈولکر نے روہت کے تعلق سے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ روہت نے چینائی سوپر کنگس کے خلاف آئی پی ایل کے فائنل میں پیش پیش رہتے ہوئے قیادت کی اور عمدہ ہاف سنچری کے ساتھ لینڈل سیمنس (68) کی پارٹنرشپ میں 119 رنز جوڑے جس کی مدد سے ممبئی انڈینس نے 202/5 کا زبردست اسکور کھڑا کیااور پھر 41 رنز کی جیت کے ساتھ ٹرافی حاصل کی۔ تنڈولکر نے ‘iplt20.com’ کو بتایاکہ ’’میرے خیال میں روہت کا شاٹ سلیکشن اس سارے سیزن میں مجموعی طورپر بہت اچھا رہا ۔ جو کچھ ہم نے ٹیم میٹنگس اور ڈریسنگ روم میں منصوبہ بندی کی انھوں نے ان منصوبوں پر میدان پر اچھی طرح عمل درآمد کیا۔ آپ کسی کپتان کے بارے میں اُن باتوں سے جان سکتے ہیں جو وہ بولروں کو میدان پر مدد کیلئے کہتا ہے ۔ روہت نے یہ سب کچھ کیا ہے ‘‘۔