اڈیلیڈ ۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے اڈیلیڈ اوول میں آسٹریلیا کے خلاف کل شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کے لئے 12 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا جس میں محدود اووروں کے ماہر روہت شرما کو جگہ دی گئی ہے جبکہ فاسٹ بولر امیش یادو اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو باہر رکھا گیا ہے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے سے قبل ہی یہاں اڈیلیڈ اوول میں ہی ہندوستان کی 12 رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا۔ ونڈے ٹیم میں نائب کپتان روہت کو بیٹنگ آرڈر میں جگہ دی گئی ہے جبکہ جڈیجہ اور امیش کو جگہ نہیں ملی ہے۔ روہت کے علاوہ ہنوما وہاری کو آخری الیون میں جگہ دی گئی ہے۔ ٹیم کے انتخاب سے سمجھا جا رہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم بیٹنگ شعبہ کے مضبوط کرنے پر زیادہ انحصار کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ پانچ ماہر بولروں کے اصول سے ہٹ کر کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے۔ چائنامین بولرکلدیپ یادو کو بھی ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی ہے۔ ٹیم میں آف اسپنر روی چندرن اشون واحد اسپنر ہیں۔