روہت شرما کی شاندار سنچری‘سری لنکا کو 88رنز کی شکست

ممبئی۔30اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انجیلو میتھوز کی زیرقیادت سری لنکائی ٹیم کا دورہ ہند ناکامی کے ساتھ شروع ہوا ہے جیسا کہ یہاں کھیلے گئے انڈیا اے کے خلاف مہمان ٹیم کو 88رنز کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی ۔ انڈیا اے ٹیم کے اسکور 382/6کے ہمالیائی نشانہ کے تعاقب میں سری لنکائی ٹیم نے 9وکٹوں کے نقصان پر 294رنز ہی بناپائی ۔میزبان ٹیم کیلئے اوپنر روہت شرما جو کہ زخموں سے صحت یابی کے بعد پہلی مرتبہ مسابقتی مقابلہ کھیل رہے تھے ان کی شاندار سنچری نمایاں رہی جیسا کہ 41ویں اوورس میں رن آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 111گیندوں میں 18چوکوں اور ایک چھکے کی مدد دے 142رنز بنانے کے علاوہ دوسری وکٹ کیلئے منیش پانڈے کے ہمراہ 204رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔

منیش پانڈے نے بھی بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 113گیندوں میں 15چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 135رنز کی اننگز کھیلی ۔ دیگر بیٹسمینوں میں انمکٹ چند نے روہت شرما کے ہمراہ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے نہ صرف پہلی وکٹ کیلئے 96رنز کی پارٹنرشپ میں اپنی نصف سنچری کا تعاون دیا بلکہ انفرادی اننگز میں 54رنز اسکور کئے جس کیلئے انہوں نے 43گیندوں کا سامنا کیا جب کہ ان کی اننگز میں 8چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔ دیگر بیٹسمینوں میں جئے دیو نے 26گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے تیز رفتار 36رنز اسکور کئے ۔ سری لنکائی ٹیم جو اب ہندوستان کے خلاف پانچ مقابلوں کی ونڈے سیریز میں شرکت کرے گی اس کیلئے دمیکا پرساد کا مظاہرہ کسی قدر اطمینان بخش رہا جنہوں نے 57رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں ۔ جس وکٹ پرہندوستانی بیٹسمینوں نے رنز کے انبار لگائے اُسی وکٹ پر سری لنکائی بیٹسمین کوئی خاطرخواہ مظاہرہ نہیں کرپائے جیسا کہ اوپنر اوپل تھرنگا کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین قابل ذکر مظاہرہ نہیں کرپایا ہے ۔ تھرنگا نے 75گیندوں میں 13چوکوں کی مدد سے 76رنز اسکور کئے ۔ ٹیم کے سینئر اور عملاً ہندوستان کا آخری دورہ کررہے بیٹسمین کمار سنگاکارا ‘ مہیلا جئے وردھنے بالترتیب 34اور 33رنز بناپائے ہیں

۔ سنگاکارا نے 35گیندوں میں تین چوکے لگائے جب کہ جئے وردھنے نے 31گیندوں کی اننگز میں تین چوکے لگائے ۔ دیگر بیٹسمینوں میں کمار سنگا کارا کے جانشین تصور کئے جانے والے ڈک ولا نے 27گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 29رنز بنائے نیز تہسارا پریرا نے 16گیندوں میں 13رنز جبکہ پرسنا نے 21رنز اور ڈی سلوا نے 26رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی ۔ وارم اپ مقابلے میں جن بولروں پر سلکٹروں کی نظر مرکوز تھی ان میں اسٹیورٹ بنی اورپرویز رسول شامل تھے ۔ اسٹیورٹ بنی 7اوورس میں 40 دینے کے باوجود کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے جب کہ پرویز رسول نے 10اوورس میں 56رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ میزبان ٹیم کیلئے راہول شرما کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 47رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ ہندوستانی ٹیم نے زخمی محمد سمیع کے مقام پر شامل کئے گئے فاسٹ بولر دھول کلکرنی نے 41رنز کے عوض دو وکٹیں لیں۔