روہت شرما کو ونڈے کے بہترین مظاہرے کا ایوارڈ

n 2014ء میں ہندوستانی اوپنر کے 264 رنز نمایاں مظاہرہ
n مکالم اور جانسن کو ٹسٹ کے بہترین مظاہروں کا ایوارڈس
n الکس ہیلس اور رنگناہیرتھ کے نام ٹوئنٹی 20کے ایوارڈس

نئی دہلی۔19فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے سری لنکا کے خلاف 264رنز کی عالمی ریکارڈ اننگز کھیلی ہے اسے ای ایس پی این کرک انفو ایوارڈ کی فہرست میں 2014ء کے بہترین ونڈے مظاہرے کے لئے منتخب کیا گیا ہے جب کہ سری لنکائی فاسٹ بولر لستھ ملنگا اور میچل جانسن کو بولنگ شعبہ میں بہترین مظاہرہ کا ایوارڈ دیا گیا ہے ۔ روہت شرما کا اس زمرہ میں دوسرا ایوارڈ ہے کیونکہ 2013ء میں بھی روہت شرما نے ونڈے میں اپنی پہلی ڈبل سنچری کیلئے بہترین مظاہرہ کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔

باصلاحیت ہندوستانی بیٹسمین نے ایڈن گارڈن میں عالمی ریکارڈ مظاہرہ کیا ہے جیسا کہ وہ ونڈے میں دو ڈبل سنچریاں اسکور کرنے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں ‘ جبکہ سچن تنڈولکر نے ونڈے میں پہلی ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے بعد ویریندر سہواگ نے بھی ونڈے میں ڈبل سنچری اسکور کی ہے ۔ بولنگ شعبہ میں ایوارڈ لستھ ملنگا کے نام رہا جنہوں نے گذشتہ برس فبروری میں پاکستان کے خلاف کھیلے گئے ایشیاء کپ کے مقابلہ میں 56رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا ۔ ٹسٹ زمرہ میں بہترین بولنگ کے مظاہرہ کا ایوارڈ آسٹریلیائی فاسٹ بولر میچل جانسن کے نام رہا جنہوں نے جنوبی آفریقہ کے خلاف سنچورین میں منعقدہ ٹسٹ مقابلہ میں 68رنز دے کر 7کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی ۔ ٹسٹ میں بہترین بیٹنگ مظاہرہ کا ایوارڈ نیوزی لینڈ کے کپتان برنڈن مکالم کو دیا گیا ہے جنہوں نے ہندوستان کے خلاف 302رنز کی اننگز کھیلی ہے ۔ مکالم نے یہ شاندار اننگز مہیندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت ہندوستانی ٹیم کے خلاف ویلنگٹن میں اُس وقت کھیلی تھی جب میزبان ٹیم اس مقابلہ میں مشکل صورتحال میں پہنچ چکی تھی ۔

ٹوئنٹی 20کے بہترین مظاہروں کے ایوارڈس انگلش بیٹسمین اور سری لنکائی بولر نے حاصل کرلئے ہیں جیسا کہ انگلش بیٹسمین الکس ہیلس نے سری لنکا کے خلاف ناقابل تسخیر 116رنز کی اننگز کھیلی تھی جب کہ سری لنکائی بولر رنگنا ہیرتھ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ 2014ء میں ونڈے ‘ ٹوئنٹی 20اور ٹسٹ کے بہترین بیٹنگ اور بولنگ مظاہروں کے انتخاب کیلئے جو کمیٹی بنائی گئی تھی اُس میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ ‘این چیاپل ‘ رکی پونٹنگ ‘ اجیت اگرکر ‘ رسل ارنالڈ ‘ مارٹن کرو ‘ مائیکل بیون ‘ مارک باؤچر ‘ آکاش چوپڑہ ‘ ڈیرل کولینن‘ مائیکل ہولڈنگ ‘ مارک نکولاس ‘ رمیز راجا اور گرام اسمتھ کے ہمراہ ای ایس پی این کرک انفو کے سینئر قلمکار بھی شامل ہیں ۔ اس موقع پر ای ایس پی این کرکٹ انفو کے ایڈیٹر انچیف سمبت بال نے کہا کہ 2014ء کرکٹ کیلئے کافی شاندار اور دلچسپ رہا اور ہم اُن چمپئنس کو ایوارڈس دیتے ہیں جنہوں نے گذشتہ 12مہینوں کے دوران کرکٹ کیلئے بہترین مظاہرے کئے ہیں ۔