روہت شرما نے دیرینہ دوست رتیکا سے منگنی کرلی

نئی دہلی 3 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اسٹار بلے باز و ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما اپنی دیرینہ دوست رتیکا سجدیہہ کے ساتھ منگنی کے بندھن میں بندھ گئے ۔ 28 سالہ روہت شرما نے رتیکا کو شادی کی پیشکش کی جسے انہوں نے قبول کرلیا ۔ منگنی کی تقریب بوریولی اسپورٹس کامپلکس ممبئی میں منعقد ہوئی جہاں سے انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا ۔ روہت شرما نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ وہ ایک اچھے دوست سے قلبی رشتہ میں جڑ گئے ہیں ۔ اس سے بہتر کچھ نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے اپنی مستقبل کی شریک حیات کے ساتھ ایک تصویر بھی ٹوئیٹر پر اپ لوڈ کی ۔ روہت شرما ونڈے میں اعظم ترین اسکور کا ورلڈ ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف ایڈن گارڈنس میں 264 رنز بنائے تھے ۔ روہت گذشتہ چھ سال سے رتیکا سے واقف ہیں اور وہ روہت کی مینیجر کے طور پر کام کرچکی ہیں۔ روہت شرما کو اپنی دیرینہ دوست کے ساتھ منگنی کے بندھن میں بندھنے پر رشتہ داروں اور ساتھی کرکٹرس و دوست احباب نے مبارکباد دی ہے ۔ یوراج سنگھ نے خاص طور پر روہت شرما کو مبارکباد دی ۔