روہت شرما اور شکھر دھون ٹیم میں برقرار، بنی باہر

ممبئی۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ناقص فام کا شکار ہندوستانی بیٹسمنوں روہت شرما اور شکھر دھون کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی ہوم سیریز کے لئے معلنہ ہندوستانی ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے، حالانکہ ان کھلاڑیوںدورۂ ویسٹ انڈیز پر مظاہرہ مایوس کن رہا ہے۔ علاوہ ازیں آل راؤنڈر اسٹیورٹ بنی اور فاسٹ بولر شردول ٹھاکر کو ٹیم سے خاص کردیا گیا ہے، کیونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 2-0 کی کامیابی حاصل کرنے والی 17 رکنی ٹیم میں یہ دو تبدیلیاں کرتے ہوئے اسے نیوزی لینڈ کے خلاف 22 ستمبر کو کانپور میں شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کیلئے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ٹیم کے انتخاب میں یہاں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سلیکٹر سندیپ پاٹل نے کہا کہ ہم نے اسی ٹیم کو برقرار رکھنا بہتر سمجھا جس نے حالیہ عرصہ میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ روہت شرما کے انتخاب کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 18 مقابلوں میں روہت شرما کے مظاہرے ان کے معیار کے مطابق نہیں ہیں لیکن انہیں ایک اور موقع دیا گیا ہے۔ پاٹل نے کہا کہ روہت شرما نے کہا کہ روہت شرما کا فام ٹیم کے انتخاب کیلئے منعقدہ سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں اہم موضوع رہا، کیونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف منعقدہ سیریز کے تیسرے مقابلے میں روہت شرما کو موقع دیا گیا تھا لیکن وہ اس مقابلے میں 9 اور 41 رنز کی اننگز ہی کھیل پائے۔ علاوہ ازیں گریٹر نوئیڈا میں دلیپ ٹروفی کے فائنل کی پہلی اننگز میں بھی روہت شرما کا مظاہرہ مایوس کن رہا لیکن وہ ایک شاندار اور انتہائی باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف معلنہ ٹیم نے تین اوپنرس کو موقع دیا گیا ہے جو مرلی وجئے ، شکھر دھون اور لوکیش راہول ہیں، لیکن قطعی گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب کپتان کا فیصلہ ہوگا کیونکہ ہم شکھر دھون کے علاوہ تمام کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ سندیپ پاٹل نے کرناٹک کے نوجوان کھلاڑی راہول کے متعلق خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راہول سینئر ٹیم میں خود کو ہم آہنگی کرچکے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ ان کا فام بھی بہترین ہے۔ سینئر اوپنر گوتم گمبھیر کو پھر ایک مرتبہ نظرانداز کردیا گیا ہے، حالانکہ انہوں نے رواں دلیپ ٹروفی میں متواتر دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ اس ضمن میں پاٹل نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ گوتم گمبھیر کے علاوہ دیگر سینئر کھلاڑیوں کے ناموں پر غور نہ کیا گیا ہو ، لیکن اس فیصلہ کو بہتر تصور کیا گیا کہ جو ٹیم اس وقت بہتر مظاہرہ کررہی ہے ، اس میں زیادہ ردوبدل نہ کیا جائے۔ رویندر جڈیجہ کو بطور آل راؤنڈر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ہندوستانی ٹسٹ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: ویراٹ کوہلی (کپتان) ، لوکیش راہول ، چیٹیشور پجارا ، اجنکیا راہانے ، مرلی وجئے ، روہت شرما ، روی چندرن اشون ، وریدھیمان ساہا ، رویندر جڈیجہ ، محمد سمیع ،ایشانت شرما ، بھونیشور کمار، شکھر دھون، امیت مشرا اور اومیش یادو۔