نئی دہلی۔2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی اوپنر روہت شرما ٹی 20 میں زیادہ چھکے لگانے میں ہندوستانی بیٹسمینوں میں سب سے آگے نکل گئے۔انھوں نے نیوزی لینڈ سے سیریز کے پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں 80 رنز کی اننگز میں 4 چھکے لگائے جس کے بعد اس فارمیٹ میں ان کے مجموعی چھکوں کی تعداد 266 ہوگئی۔سریش رائنا اب 265 چھکوں کے ہمراہ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں، یوراج 244 تیسرے، دھونی 226 چوتھے ،یوسف پٹھان221 پانچویں اورکوہلی214 چھکوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔ آل ٹائم فہرست میں ویسٹ انڈیز اسٹار کرس گیل 309 میچز میں 772 چھکے کے ساتھ نمایاں ترین ہیں۔ روہت مختصر فارمیٹ میں 1300 سے زائد رنز بھی اپنے نام درج کرواتے دوسرے کامیاب ہندوستانی بیٹسمین ہیں۔نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر نیوزی لینڈ کے خلاف منعقدہ سیریز کے پہلے مقابلے میں روہت شرما اور شکھردھون نے پہلی وکٹ کیلئے ریکارڈ پارٹنر شپ نبھاتے ہوئے مہمان ٹیم کے خلاف ہندوستان کی پہلی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے فی کس 80 رنز کی اننگز کھیلی جس میں روہت شرما چھکوں کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔