ملنگا کے 300وکٹ مکمل
کولمبو ۔ 31اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) بحران کی صورتحال سے پریشان سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے خلاف ونڈے سیریز کے چوتھے مقابلہ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور سابق کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے 300ویں ونڈے کو اوپنر روہت شرما اور کپتان ویراٹ کوہلی نے جہاں یادگار بنایا وہیں خود دھونی نے 42گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کے ہمراہ ناقابل تسخیر 49رنز اسکور کرتے ہوئے منیش پانڈے کے ہمراہ چھٹی وکٹ کیلئے 12.2اوورس میں 101رنز کی ناقابل تسخیر پارٹنرشپ نبھائی ۔ دھونی کی یہ متواتر تیسرے ونڈے میں تین مختلف ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ 100یا اس سے زائد رنز کی ناقابل تسخیر پارٹنرشپ ہے ۔ کیونکہ دوسرے ونڈے میں بھونیشور کمار اور تیسرے ونڈے میں روہت شرما کے ہمراہ وہ سنچری پارٹنرشپ نبھا چکے ہیں ۔قبل ازیںروہت شرما نے 88گیندوں میں 11چوکوں اور 3چھکوں پر مشتمل اپنی انگیز 104رنز بنائے ‘ جو کہ رواں سیریز ان کی متواتر دوسری سنچری اور کریئر کی 13سنچری ہے ۔ ویراٹ کوہلی نے 6رنز پر شکھر دھون ( 4) کے نقصان کے بعد 96گیندوں میں 17چوکوں اور 2چھکوں پر مشتمل اننگز میں 131رنز بناکر کارگذار کپتان لستھ ملنگا کی بولنگ پر باؤنڈری لائن کے نزد کیچ آؤٹ ہوئے جوکہ ملنگا کی ونڈے میں 300ویں وکٹ رہی ۔ کے ایل راہول (7) اور ہاردیک پانڈیا (19) جلد آؤٹ ہوئے ۔ سری لنکا سیریز کیلئے یوراج سنگھ کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے گئے مڈل آرڈر بیٹسمین منیش پانڈے نے 42گیندوں میں 4چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 50رنز بنائے ۔