حیدرآباد ۔ 25۔ مئی (سیاست نیوز) علاقہ عابڈس میں رات دیر گئے پیش آئے ایک واقعہ میں روڈی شیٹر حملہ میں ایک مقامی دھابہ کا مالک زخمی ہوگیا۔ انسپکٹر عابڈس مسٹر کے سرینواس کے بموجب شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر آکاش سنگھ اپنے دو ساتھیوں اکبر پاشاہ اور عظیم کے ہمراہ رات دیر گئے عابڈ میں واقع سنتوش دھابہ کے مالک منوج کمار سنکھلا پر چاقو سے قاتلانہ حملہ کردیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ آکاش سنگھ اقدام قتل کے کئی واقعات میں ملوث ہے۔ سنتوش دھابہ کے مالک کے بیٹے سے متعلق بھی ایک کیس سال 2014 ء میں درج ہوا تھا جس میں آکاش سنگھ بھی ملوث تھا۔ منوج کمار سنکھلا کی جانب سے اس کے بیٹے کی حمایت کے باوجود بھی اسے رقم ادا نہ کرنے پر اسے انتقام لینے کیلئے آکاش سنگھ نے منصوبہ تیار کیا۔ کل رات دیر گئے اچانک روڈی شیٹر نے دھابہ کے مالک پر قاتلانہ حملہ کر کے فرارہوگیا۔ اس حملہ میں دھابہ کا مالک زخمی ہوگیا اور اسے عابڈس میں واقع ایک کارپوریٹ دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ عابڈس پولیس نے اس سلسلہ میں اقدام قتل کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے آکاش سنگھ کی تلاشی شروع کردی۔