حیدرآباد 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے روڈی عناصر کی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے کارروائی کرتے ہوئے آج گولکنڈہ پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹر محمد مجید کو ریاست کے انسداد غنڈہ ایکٹ کے تحت حراست میںلیکر جیل بھیج دیا ۔ تفصیلات کے بموجب گولکنڈہ چھوٹا بازار کے ساکن محمد مجید قتل ،اقدام قتل ، جبراً وصولی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہے اور اسے سابق میں کئی مرتبہ گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا۔ گولکنڈہ علاقہ میں مجید کی غیر قانونی سرگرمیوں اور اس کے حریف روڈی شیٹر محمد الیاس بن حبیب سالم سے رقابت چل رہی ہے جس کے سبب مقامی عوام اس سے خوفزدہ تھے۔ قانونی کارروائی کے باوجود بھی مذکورہ روڈی شیٹر اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا ۔ کمشنر پولیس نے اس روڈی شیٹر کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیکر جیل بھیج دیا۔