حیدرآباد 2 جولائی (سیاست نیوز) بہادر پورہ پولیس نے خطرناک روڈی شیٹر محمد مرتضی عرف مرتضی پہلوان اور اس کے ساتھی پی رامچندر عرف چندر کاکا کو اسد قتل کیس میں دو دن کی پولیس تحویل میں لے لیا۔ مذکورہ روڈی شیٹرس کو 23 جون کو بہادر پورہ پولیس کی خصوصی ٹیم نے گرفتار کیا تھا اور انہیں عدالتی تحویل میں دیدیا گیا تھا ۔ پولیس نے اسپیشل میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ ایرم منزل کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے مرتضی اور چندر کاکا کو پولیس تحویل میں دینے کی گذارش کی تھی جس پر عدالت نے دو دن کی پولیس تحویل منظور کی تھی اور انہیں جیل سے پولیس نے اپنی تحویل میں لیکر سید نثار حسین عرف اسد قتل کیس میں تفتیش کی ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ گرفتار روڈی شیٹرس نے تحقیقاتی عہدیداروں کو اسد قتل کیس میں اہم رول ادا کرنے کا مبینہ طور پر انکشاف کیا ہے۔ پولیس نے گذشتہ دو دن کی تفتیش کے بعد دوبارہ عدالتی تحویل میں دیدیا۔ واضح رہے کہ 20 مارچ کو اسد کا میر عالم ٹینک حسن نگر کے قریب بہیمانہ طور پر قتل کردیا تھا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 12 ملزمین بشمول محمد جابر کو گرفتار کیا تھا۔