روڈی شیٹر ایوب خاں دوبئی میں موجود! پولیس چوکس

حیدرآباد ۔ 27 مئی ۔ ( سیاست نیوز ) حیدرآباد پولیس کو چکمہ دیکر دوبئی فرار ہونے والے روڈی شیٹر ایوب خان کے سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی اطلاعات کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے اُس کے ساتھیوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔ ایوب خان کے خلاف حیدرآباد سٹی پولیس نے چند دن قبل لُک آؤٹ نوٹس جاری کی تھی اور اُسے سی آئی ڈی کے ذریعہ انٹرپول ریڈکارنر نوٹس کیلئے درخواست روانہ کی تھی ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ حالیہ دنوں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بعض افراد نے ایوب خان سے دوبئی میں ملاقات کی ہے اور اُس کی دوبئی میں موجودگی کی اطلاع درست ثابت ہونے کے پیش نظر پولیس کا یہ شبہ مزید پختہ ہوگیا کہ وہ سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ہوسکتا ہے ۔ شبہ ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ذریعہ حیدرآباد کو سونا راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے اسمگل کررہا ہے ۔ پولیس کو یہ بھی شبہ ہے کہ ایوب خان کے بعض ساتھی احمدآباد میں موجود ہیں جو سونے کی اسمگلنگ کے کاروبار میں اُسے مدد کررہے ہیں۔شہر میں بعض سوشیل نٹورکنگ سائیٹس پر ایوب خان کی تازہ تصویر گشت کررہی ہے جو دوبئی کے ایک مال میں لی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ ایوب خان کے ساتھیوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور دوبئی سے حیدرآباد کو سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی اطلاعات کے پیش نظر پولیس چوکسی برت رہی ہے ۔