فرضی پاسپورٹ مقدمہ میں چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ /7 اگست (سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے چیف میٹروپولیٹین مجسٹریٹ نے شہر کے خطرناک روڈی شیٹر ایوب خان اور اس کی بیوی کو فرضی پاسپورٹ مقدمہ میں 7 سال کی سزاء سنائی ۔ روڈی شیٹر کو فرضی پاسپورٹ تیار کرنے میں مدد کرنے والے قاضی اور نائب قاضی کو بھی دو سال کی سزاء سنائی گئی ۔ مجسٹریٹ مسٹر وائی گویند ریڈی نے کاماٹی پورہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے ایوب خان اور اس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف درج کئے گئے فرضی پاسپورٹ مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے پر آج فیصلہ سناتے ہوئے روڈی شیٹر ایوب خان اس کی بیوی حفیظہ بیگم کو 7 سال قید بامشقت کی سزاء اور فی کس 4500 روپئے جرمانہ عائد کیا ۔ مجسٹریٹ نے اس کیس کے دیگر ملزمین سید مقتدر علی قادری قاضی اور محمد نصیرالدین نائب قاضی کو بھی قصوروار پائے جانے پر انہیں دو سال کی سزاء سناتے ہوئے دو ہزار روپئے فی کس کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ عدالت کے اس فیصلہ کے بعد سزاء یافتہ ملزمین کو جیل منتقل کردیا گیا ۔ واضح رہے کہ /27 ڈسمبر 2016 ء میں روڈی شیٹر ایوب خان کو ممبئی کے چھترپتی شیواجی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ایمیگریشن عہدیداروں نے اس کے فرضی پاسپورٹ ہونے کا پتہ لگاتے ہوئے ساؤتھ زون پولیس کے حوالے کردیا تھا ۔ پولیس نے اسے شہر منتقل کرنے کے بعد کاماٹی پورہ پولیس اسٹیشن میں فرضی پاسپورٹ حاصل کرنے کا ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔ تفتیش کے دوران روڈی شیٹر ایوب خان نے پولیس کو بتایا کہ 2010 ء میں اس نے قاضی مقتدر سے فرضی نکاح نامہ شادنگر سے حاصل کیا جس کیلئے نائب قاضی نصیرالدین کے علاوہ روڈی شیٹر کی بیوی حفیظہ بیگم نے مدد کی تھی ۔ پولیس نے روڈی شیٹر کے خلاف دھوکہ دہی ، جعلسازی ، مجرمانہ سازش اور انڈین پاسپورٹ ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ریاست کے محکمہ قانون سے مقدمہ چلانے کیلئے اجازت حاصل کرنے کے بعد تمام ملزمین بشمول پاسپورٹ ایجنٹ محمد خلیل احمد ، ایڈوکیٹ پی رویندر ناتھ حیدرآباد پاسپورٹ آفس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ وینکٹشورا کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ استغاثہ نے روڈی شیٹر ایوب خان کی سزاء کو یقینی بنانے کیلئے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر شریمتی نرملا کا تقرر کیا تھا اور ایک سال کے عرصہ میں استغاثہ نے روڈی شیٹر کو سزاء دلانے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ بعد ازاں دونوں قاضیوں کو عدالت نے بیل پر رہا بھی کردیا ۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے ایوب خان کے خلاف ایڈوکیٹ منان غوری قتل کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی ہے جو زیرالتواء ہے ۔