روڈی شیٹر ایوب خان کے خلاف دو نئے مقدمات

پی ڈی ایکٹ عائد کرنے کی تیاریاں۔ ایس آئی ٹی آج سے تحقیقات کریگی
حیدرآباد ۔ /3 جنوری (سیاست نیوز) شہر کے خطرناک روڈی شیٹر ایوب خان کے خلاف دو تازہ ترین مقدمات درج کئے گئے ہیں تاکہ ان مقدمات کی بنا پر اس پر پی ڈی ایکٹ نافذ کیا جائے ۔ ساؤتھ زون پولیس نے آج صبح اسے 8 دن کی پولیس تحویل میں لیکر چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ جہاں پر اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس کی تحقیقات زیرالتواء ہے ۔  گولکنڈہ پولیس نے روڈی شیٹر کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلسازی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے چونکہ جس پتہ 9-8-298 پر ایوب خان نے پاسپورٹ حاصل کیا تھا اور دیگر سرکاری دستاویزات بھی حاصل کئے تھے ۔ انسپکٹر گولکنڈہ مسٹر سید فیاض نے بتایا کہ مذکورہ مکان مالک آسیہ صدیقہ کی شکایت پر روڈی شیٹر کے خلاف تعزيرات ہند کے دفعہ 420 ، 468 اور 471 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس کیس کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ ڈسمبر 2016 ء میں سعودی سے واپسی پر ایمیگریشن عہدیداروں نے روڈی شیٹر کو ممبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر اسے حراست میں لیکر حیدرآباد پولیس کے حوالے کیا تھا جہاں پر پولیس کو اس کے تیسرے پاسپورٹ حاصل کئے جانے کا انکشاف ہوا ۔ ایوب خان نے گولکنڈہ بڑا بازار پتہ پر اپنے والد جہانگیر خان کا نام تبدیل کرتے ہوئے سعید خان اندراج کروایا جبکہ اپنی تاریخ پیدائش /7 جولائی 1977 ء درج کروائی جو غلط ہے ۔ روڈی شیٹر کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کیلئے یہ لازم ہے کہ اندرون ایک سال ملزم کے خلاف تین مقدمات درج ہونا ضروری ہے ۔ عنقریب ایوب خان کے خلاف پی ڈی ایکٹ کا استعمال کرتے ہوئے اسے طویل عرصہ کیلئے جیل میں رکھا جائے گا ۔ روڈی شیٹر کی غیرقانونی سرگرمیوں اور فرضی پاسپورٹ کے حصول کی تحقیقات کے سلسلے میں اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم کل سے تفتیش کا آغاز کریگی ۔