روڈی شیٹر ایوب خان کی خود سپردگی

حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے روڈی شیٹر ایوب خان کی ضمانت کو حیدرآباد ہائی کورٹ نے منسوخ کردیا جس کے نتیجہ میں روڈی شیٹر نے نامپلی عدالت میں خود سپردگی اختیار کرلی۔ جاریہ سال اگسٹ میں چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے ایوب خان اس کی بیوی اور دیگر کو فرضی پاسپورٹ معاملہ میں قصوروار پائے جانے پر سات سال کی سزا سنائی تھی۔ ایوب خان نے فوری چوتھے ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج سے ضمانت حاصل کرلی تھی لیکن پولیس نے اسی عدالت میں درخواست داخل کرکے ضمانت کو منسوخ کروایا تھا۔ سیشنس عدالت کے فیصلہ کے خلاف ایوب خان ہائی کورٹ سے رجوع ہوا تھا اور اس کی درخواست کی سماعت جسٹس ستیہ نارائنا مورتی نے کی۔ 30 اکٹوبر کو ہائیکورٹ نے ایوب خان کی درخواست کو مسترد کرکے نچلی عدالت کی جانب سے ضمانت منسوخ کرنے کے فیصلہ کو درست قرار دیا اور یکم نومبر کو متعلقہ عدالت میں خود سپرد ہونے کا حکم دیا تھا۔ ایوب خان آج دوپہر نامپلی کورٹ میں خود سپرد ہوگیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے سیاسی سازش کا نشانہ بنایا گیا چونکہ وہ انتخابات میں حصہ لینے والا تھا۔ خودسپردگی کے بعد پولیس اسکواڈ نے اسے جیل منتقل کردیا۔