روٹ ہندوستان کے خلاف وائیٹ واش کے خواہاں

لندن۔15 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام) انگلش ٹیم کے کپتان جیو روٹ ہندوستان کے خلاف رواں ٹسٹ سیریز میں 5-0 کی کامیابی کے خواہاں ہیں اور اس ضمن میں انہوں نے کہا ہے کہ ہند کو ٹسٹ سیریز میں0-5 سے وائٹ واش کرنا ان کا مقصد ہے اسلئے ابتدائی دو مقابلوں میں فتوحات کے باوجود حریف ٹیم کو باقی میچز میں آسان حریف تصور کرنے کی غلطی نہیں کریں گے۔ انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان تیسرا ٹسٹ 18 اگست کو شروع ہو گا اور میزبان ٹیم کو5 میچوں کی سیریز میں 0۔2 کی برتری حاصل ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں کامیابی پر بے حد خوشی ہے لیکن ابھی سیریز کے 3 بڑے میچز باقی ہیں اسلئے ہماری تمام تر توجہ ان پر مرکوز ہے۔ ہندوستان کو ٹسٹ سیریز میں کلین سویپ کرنا خواب ہے اور مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو باقی میچز میں بھی صد فیصد کارکردگی دکھانی ہو گی۔ روٹ نے کہا کہ ٹاپ آرڈر کی ناکامی باعث تشویش ہے۔ امید ہے کہ وہ اگلے میچز میں عمدہ مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اپنا کردار اداکریں گے۔انگلشں ٹیم کیلئے ایک خوش خبری یہ بھی ہے کہ اس کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس مقدمہ سے بری ہوکر ٹیم میں واپس آچکے ہیں۔برسٹل کراؤن کورٹ نے انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو جھگڑے کے مقدمہ میں بے قصور قرار دے کر بری کردیا لہٰذا انہیں ہندوستان کیخلاف تیسرے ٹسٹ کیلئے انگلش اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ اس مقدمے میں پیشی کے سبب بین اسٹوکس لارڈز ٹسٹ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے حالانکہ انہوں نے ایجبسٹن میں پہلے ٹسٹ میں آخری صبح تین اہم وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی 31 رنز سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان کی عدم موجودگی میں کرس ووکس کو انگلینڈ کی حتمی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا جنہوں نے بہترین آل راؤنڈ کھیل کی بدولت مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔انگلش ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین جانی بیئراسٹو کا اپنے ساتھی نے ٹیم میں استقبال کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے بین اسٹوکس ایک مرتبہ پھر انگلش ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہوئے دکھائی دیں گے کیونکہ انہوں نے پہلے ٹسٹ میں بہترین کھیل کی بدولت انگلینڈ کو فتح دلائی تھی۔ واضح رہے کہ بین اسٹوکس کی تیسرے ٹسٹ کیلئے دستیابی کا یہ مطلب قطعی نہیں ہے کہ انہیں گزشتہ برس 25 ستمبر کی صبح ایک نائٹ کلب کے باہر جھگڑے میں مزید کسی تادیبی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اگرچہ انہیں عدالت نے بری کردیا لیکن ای سی بی کے قائم کردہ ڈسپلن کمیشن ہی یہ فیصلہ کرے گی کہ بین اسٹوکس اور الیکس ہیلز کو مزید سزا دی جائے یا نہیں تاہم اس کاکوئی بھی فیصلہ سیزن کے اختتام پر ہی کیا جائے گا ۔