لیگس ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 5 مقابلوں کی ونڈے سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی حالانکہ یہاں کھیلے گئے پانچویں اور آخری مقابلہ میں 41 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ 295 رنز کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم 48.4 اوورس میں 253 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔
مہمان ٹیم کیلئے امباٹی رائیڈو (53) اور میڈل آرڈر میں رویندر جڈیجہ نے 68 گیندوں میں 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے تیز رفتار 87 رنز اسکور کئے تاہم وہ ٹیم کو ایک اور کامیابی دلوانے میں ناکام رہے۔ انگلینڈ کیلئے اسٹوکس نے 47 رنز کے عوض 3 اور معین علی نے 2 وکٹیں حاصل کی۔ سریش رائنا کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ قبل ازیں انگلش کرکٹ ٹیم نے ہندوستان کے خلاف نوجوان بیٹسمین جیوروٹ کی شاندار سنچری کی بدولت کسی قدر سیریز میں پہلی مرتبہ بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز اسکور کئے ہیں۔ مہیندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پھر ایک مرتبہ بیٹنگ کیلئے مدعو کیا اور 39 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی الیکس ہالیکس (4) اور معین علی (9) کی وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ہندوستان نے بہتر شروعات کی
لیکن میڈل آرڈر نے روٹ میں 108 گیندوں میں 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 113 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو بہتر اسکور تک پہنچایا۔ دیگر بیٹسمینوں میں کپتان کک نے 64 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 46، جوس بٹلر 40 گیندوں میں 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 49 کے علاوہ بن اسٹوکس نے 23 گیندوں میں 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 33 رنز اسکور کئے۔ ہندوستان کیلئے محمد سمیع نے 10 اوورس میں 55 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ بھونیشور کمار کے 8 اوور میں 45 رنز، اومیش یادو کے 6 اوورس میں 46 رنز بنائے گئے اور ان فاسٹ بولروں نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ جڈیجہ کے خلاف 9 اوورس میں 66 رنز بنائے گئے۔