روٹ کی جوابی سنچری ، بنگلہ دیش کے خلاف انگلینڈ فاتح

اوول۔2 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے اپنے بیٹسمینوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو باآسانی آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔اوول میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے بنگلہ دیشی اوپنرز نے غلط ثابت کر دکھایا۔انگلینڈ کو ابتدا میں ہی اس وقت دھکا لگا جب کرس ووکس کے زخمی ہونے کے سبب صرف دو اوورز کرنے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے جو اب ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ تمیم اور مشفیق الرحیم  نے ابتدائی نقصانات کے بعد شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 166 رنز کی شراکت قائم کی جو ایشیا سے بہر بنگلہ دیش کی ونڈے کرکٹ میں سب سے بڑی شراکت ہے۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب پلنکٹ نے تین چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 128 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے تمیم کی اننگز کا خاتمہ کردیا اور پھر اگلی ہی گیند پر 79 رنز بنانے والے مشفیق کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔بنگلہ دیشی ٹیم توقعات کے برعکس اختتامی اوورز میں زیادہ تیز رفتاری سے رنز بنانے میں ناکام رہی اور مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 305 رنز بنا سکی۔ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کو ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا اور جیسن رائے صرف ایک رن بنانے کے بعد کپتان مشرفی مرتضیٰ کی وکٹ بن گئے۔لیکن اس کے بعد ایلکس ہیلز اور جیو روٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 159 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کے علاوہ اپنی ٹیم کو جیت کی راہ پر بھی گامزن کیا۔ہیلز 86 گیندوں پر دو چھکوں اور 11 چوکوں سے  95 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔روٹ نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ایان مورگن کے ساتھ ناقابل شکست 143 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو آٹھ وکٹ کی فتح ہمکنار کرا دیا۔مین آف دی میچ روٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 133 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ مورگن نے 61 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔