نئی دہلی، 2جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے اسٹار بلے باز جو روٹ جلد ہی باپ بننے والے ہیں اور ممکن ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف 15جنوری سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ونڈے سیریز سے باہر ہوسکتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق 26سالہ کرکٹر کی گرل فرینڈ کیری کوٹریل ماں بننے والی ہیں اور روٹ اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے وقت اپنے گھر میں موجود رہ سکتے ہیں۔ انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان پونے میں 15جنوری سے ونڈے سیریز شروع ہونے والی ہے اور ایسے میں روٹ گرل فرینڈ کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ انڈیا کے خلاف پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز میں روٹ مہمان انگلش ٹیم کی جانب سے سب سے کامیاب بیٹسمن تھے لیکن ٹیم کو ویراٹ کوہلی کی قیادت والی میزبان ٹیم سے سیریز میں 0-4 سے شکست جھیلنی پڑی تھی اور ونڈے سیریز میں روٹ کو اہم کھلاڑی مانا جا رہا تھا۔ کرسمس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم جمعرات تک ہندوستان پہنچ سکتی ہے لیکن اسی دوران روٹ کے بچے کی بھی پیدائش ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے وہ انگلش ٹیم سے باہر رہ سکتے ہیں۔