ممبئی ۔2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )نوجوان انگلش بیٹسمین جیو روٹ نے دورہ ہندوستان میں انگلش ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باوجود انگلینڈ کے کپتان السٹر کک کو ‘بہترین قائد’ قرار دیتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔جو روٹ کو کک کا ممکنہ جانشین قرار دیا جاتا ہے تاہم انہوں نے ٹیم کی قیادت سنبھالنے کی تمام تر رپورٹس کو یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ وہ ٹیم میں اپنے کردار سے خوش ہیں۔کک کے مستقبل پر اس وقت سوالیہ نشان لگ گیا تھا جب دورہ ہندوستان سے چند دن قبل انہوں نے اشارہ دیا تھا کہ شاید پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کے بعد وہ ٹیم کی قیادت چھوڑ دیں اور ان کیلئے طویل عرصے تک اپنی ٹیم سے دور رہنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انگلینڈ نے دورہ ہندوستان کا عمدہ طریقے آغاز کیا جہاں ہندوستانی ٹیم بمشکل پہلا ٹسٹ میچ بچانے میں کامیاب ہو سکی تھی لیکن اگلے دو میچوں میں انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور سیریز کو بچانے کیلئے انہیں ممبئی میں ہونے والے اگلے میچ میں لازمی کامیابی درکار ہے۔تاہم سیریز کے نتیجے سے قطع نظر روٹ نے سیریز کے اختتام پر قیادت کی تبدیلی کے امکانات کو یکسر مسترد کردیا ہے۔