روٹ اور بٹلر کی نصف سنچریاں‘انگلینڈ کو 215رنز کی سبقت

مانچسٹر۔9اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف یہاں کھیلے جارہے چوتھے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 367رنز اسکور کرتے ہوئے 215رنز کی سبقت حاصل کی ہے اور مقابلہ پر اپنی گرفت مضبوط کی ۔ انگلش ٹیم کیلئے آل راؤنڈر اسٹیورٹ براڈ کا زخمی ہونا کسی قدر تشویش کا باعث ہے کیونکہ وہ ورن ارون کے ایک باؤنسر کو کھیلنے کی کوشش میں زخمی ہوگئے جیسا کہ گیند ان کی ہیلمٹ میں پھنس گئی۔انگلینڈ اپنے کل کے اسکور 237/6 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین جیوروٹ کے ہمراہ جوس بٹلر نے نصف سنچریاں اسکور کی ۔ روٹ نے 161گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 77رنز اسکور کئے جس میں 7چوکے شامل ہیں ۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے اپنے شاندار مظاہروں کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے کسی قدر تیز رفتار 70رنز اسکور کئے جس میں 10چوکے شامل ہیں ۔ فاسٹ بولر ووکس نے ناقابل تسخیر 26رنز اسکور کئے جس کیلئے انہوں نے 39گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے لگائے ۔ براڈ زخمی ہوکر میدان سے باہر جانے سے قبل 6گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ارون کی متواتر دو گیندوں پر دو چھکے لگائے ۔ انگلینڈ کیلئے آؤٹ ہونے والے آخری بیٹسمین اینڈرسن رہے جنہوں نے 9رنز اسکور کئے ۔ ہندوستان کیلئے بھونیشور کمار اور ارون نے فی کس تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔تادم تحریر ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز کا محتاط آغاز کیا ہے جیسا کہ 8اوورس میں مرلی وجئے اور گوتم گمبھیر پر مشتمل اوپنرس نے 10رنز اسکور کئے۔ گمبھیر 26گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 7اور مرلی وجئے 20گیندوں میں 3رنز اسکور کرلئے ہیں ۔