ساؤپاؤلو۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک لمحہ وہ تھا جب وین رونی جنونی کی طرح خوشی منا رہے تھے کیونکہ ورلڈ کپ میں ان کے مایوس کن مظاہروں پر شدید تنقید ہورہی تھی اس کا انہوں نے جواب دیتے ہوئے ورلڈ کپ کیریئر کا پہلا گول بنایا لیکن چند لمحہ بعد ہی انگلش کھلاڑیوں کے سر مایوسی سے جھک گئے کیونکہ انگلش ٹیم کو یوروگوائے کے خلاف 2-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی اور اس شکست کی وجہ سے انگلش ٹیم کیلئے ورلڈ کپ سے پہلے ہی مرحلہ میں اخراج کا خطرہ بڑھ چکا ہے۔ ساؤ پاؤلو میں گذشتہ روز کھیلے گئے مقابلہ میں انگلش کلب لیورپول کے لئے کھیلنے والے یوروگوائے کے اسٹرائیکر لوئس سواریز دونوں ٹیموں میں بنیادی فرق ثابت ہوئے۔انھوں نے پہلے ہاف میں اپنی ٹیم کو برتری دلوائی اور دوسرے ہاف کے آخر میں مقابلہ کا فیصلہ کن گول کیا۔اس میچ میں ابتدا سے ہی یوروگوائے کے کھلاڑیوں نے تیز کھیل کا مظاہرہ کیا اور انگلش گول پر کئی خطرناک حملے کئے۔
انگلینڈ کی طرف سے بھی جوابی حملوں کا سلسلہ جاری رہا اور وین رونی اس دوران تین مواقع پر گول کرنے میں ناکام رہے۔ یوروگوائے کا پہلا گول کھیل کے 39ویں منٹ میں اس وقت ہوا جب کاوانی کے پاس کو سواریز نے ہیڈ لگا کر انگلش گول میں پہنچا دیا۔ پہلا ہاف یوروگوائے کی برتری پر ختم ہوا اور دوسرے ہاف کے آغاز میں بھی انگلش ٹیم کو مخالف ٹیم کے پے درپے حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ کے وین رونی نے ورلڈ کپ میں اپنا پہلا گول تو کر لیا لیکن ان کی ٹیم جیت نہ سکی۔ان حملوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ نے میچ برابر کرنے کی اپنی کوششوں میں بھی اضافہ کر دیا جس کا مثبت نتیجہ 75ویں منٹ میں سامنے آیا جب وین رونی نے جانسن کے پاس پر گول کر دیا۔ یہ ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں وین رونی کا پہلا گول تھا۔ میچ برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے مخالف گول پر حملے جاری رہے اور لوئس سواریز نے 85ویں منٹ میں یورگورائے کے لئے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلوائی۔ میچ ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں نے سواریز کو کندھوں پہ اٹھا لیا اور اسٹیڈیم میں موجود یوروگوائے کے 20 ہزار مداحوں کا شور اور جوش قابلِ دید رہا۔ رائے ہاجسن کی انگلش ٹیم اب اس ورلڈ کپ میں لگاتار دو مقابلوں میں شکست برداشت کرچکی ہے اور اب انگلش ٹیم کو ناک آوٹ مرحلہ میں رسائی کیلئے اپنے مظاہروں سے کہیں زیادہ دوسری ٹیموں کے مقابلوں کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔
انگلینڈ کی ٹیم اب ناک آوٹ مرحلے میں صرف اسی صورت میں پہنچ پائے گی کہ نہ صرف وہ کوسٹاریکار کے خلاف اپنے گروپ کے آخری میچ میں کامیابی حاصل کرے بلکہ اٹلی اپنے باقی دو گروپ میچوں میں کوسٹاریکا اور یوروگوائے کو شکست دے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تب بھی انگلینڈ کی اگلے راؤنڈ تک رسائی کا دارومدار گولس کے فرق پر ہوگا۔علاوہ ازیں گروپ سی میں آئیوری کوسٹ اور کولمبیا کے مابین کھیلے گئے میچ میں دلچسپ اور تیز کھیل کے بعد بالاخر جیت کولمبیا کی ہوئی۔لاطینی امریکی ملک نے اپنے افریقی مدِمقابل کو 2-1 گول سے شکست دی۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے تیز کھیل پیش کیا لیکن میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل گراؤنڈ میں گھاس کو پانی دینے کی وجہ سے گیند کے پھسلنے کی شرح زیادہ رہی۔کولمبیا کی ٹیم متحرک دکھائی لیکن پہلے ہاف میں وہ افریقی کھلاڑیوں کی تیزی کا پوری طرح مقابلہ نہ کر پائی۔